وزیراعظم شہباز شریف کا امیرِ قطر شیخ تمیم بن محمد آل ثانی سے ٹیلی فونک رابطہ، اسرائیلی بمباری کی شدید مذمت
اسلام آباد: وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے قطر کے امیر، شیخ تمیم بن حمد آل ثانی سے ٹیلیفون پر گفتگو کرتے ہوئے دوحہ میں اسرائیلی بمباری کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
وزیراعظم نے اس موقع پر امیرِ قطر، شاہی خاندان اور قطری عوام سے گہرے دکھ اور ہمدردی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں قیمتی جانوں کا ضیاع اور شہری املاک کو نقصان ایک سنگین اور سفاکانہ اقدام ہے، جو اسرائیلی قیادت کی جارحانہ سوچ کا عکاس ہے۔
شہباز شریف نے اسرائیلی حملے کو قطر کی خودمختاری اور سالمیت کی کھلی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام خطے کے امن و استحکام کے لیے خطرے کی گھنٹی ہے۔ انہوں نے اس موقع پر واضح کیا کہ پاکستان قطر کے ساتھ سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح کھڑا ہے۔
وزیراعظم نے امتِ مسلمہ کے اتحاد و یکجہتی کی ضرورت پر بھی زور دیا تاکہ مشترکہ چیلنجز کا مقابلہ مؤثر طریقے سے کیا جا سکے۔
امیرِ قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی نے وزیراعظم شہباز شریف کی یکجہتی اور حمایت پر ان کا شکریہ ادا کیا اور ان کے جذبۂ ہمدردی کو سراہا۔
گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور قطر کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کے فروغ اور خطے میں امن و استحکام کے لیے تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
قبل ازیں وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے دوحہ میں اسرائیلی افواج کی جانب سے کی جانے والی بمباری اور حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے قطر کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔
وزیراعظم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ‘ایکس’ پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ "میں پاکستان کے عوام، حکومت اور اپنی جانب سے دوحہ میں اسرائیلی افواج کے غیر قانونی اور بلاجواز حملے، رہائشی علاقوں کو نشانہ بنانے اور معصوم شہریوں کی زندگیاں خطرے میں ڈالنے کے اس افسوسناک واقعے کی شدید مذمت کرتا ہوں۔”
انہوں نے مزید کہا کہ "یہ حملہ نہ صرف قطر کی خودمختاری پر سنگین حملہ ہے بلکہ ایک خطرناک اشتعال انگیزی بھی ہے، جو خطے میں امن و استحکام کے لیے شدید خطرہ بن سکتی ہے۔”
وزیراعظم شہباز شریف نے امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی، قطری شاہی خاندان اور برادر قطری عوام کے ساتھ مکمل ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہر مشکل وقت میں اپنے برادر ملک کے ساتھ کھڑا ہے۔