صبا قمر کمال فنکار اور وہ پاکستان کی مائیکل جیکسن ہیں، نمرہ شاہد
ان جیسا معیار اور تنوع بہت کم فنکاروں میں دیکھنے کو ملتا ہے۔ اداکارہ
پاکستان شوبز کی معروف اداکارہ نمرہ شاہد نے کہا ہے کہ صبا قمر پاکستان کی ان چند فنکاراؤں میں سے ہیں جو ہر کردار میں جان ڈال دیتی ہیں اور وہ ہمارے ملک کی مائیکل جیکسن ہیں ۔
شہرت یافتہ بائیوپک ’مائیکل‘ ان دنوں دنیا بھر میں موضوعِ بحث بنی ہوئی ہے، جس میں کنگ آف پاپ مائیکل جیکسن کی زندگی کے نشیب و فراز کو بڑے دلکش اور جذباتی انداز میں پیش کیا گیا ہے۔
پاکستانی شوبز انڈسٹری میں بھی اس فلم نے خاص توجہ حاصل کی، اور معروف اداکارہ نمرہ شاہد بھی اس سے بے حد متاثر نظر آئیں۔
نمرہ شاہد نے بائیوپک دیکھنے کے بعد اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ وہ فلم دیکھتے ہوئے خود پر قابو نہ رکھ سکیں اور شدتِ احساس کے باعث رو پڑیں۔ ان کے مطابق مائیکل جیکسن کی زندگی کو اس انداز میں اسکرین پر دیکھنا ایک نہایت جذباتی تجربہ تھا۔
اداکارہ نے مائیکل جیکسن کے بھتیجے جعفر جیکسن کی اداکاری کو بھی بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جعفر نے نہ صرف کردار کو خوبصورتی سے نبھایا بلکہ اس میں مکمل طور پر ڈھلنے کے لیے تقریباً دو سال کی محنت کی، جو ان کی پروفیشنل صلاحیتوں کا واضح ثبوت ہے۔
اسی گفتگو کے دوران جب نمرہ شاہد سے سوال کیا گیا کہ وہ کس پاکستانی فنکار کی بائیوپک میں خود کو دیکھنا چاہیں گی تو انہوں نے بلا جھجک معروف اداکارہ صبا قمر کا نام لیا۔
نمرہ شاہد کے مطابق صبا قمر پاکستان کی ان چند فنکاراؤں میں سے ہیں جو ہر کردار میں جان ڈال دیتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ صبا قمر نہ صرف ایک باصلاحیت اداکارہ ہیں بلکہ ایک غیر معمولی آرٹسٹ بھی ہیں، اور ان کی زندگی پر بائیوپک بننا اپنے آپ میں ایک شاندار پروجیکٹ ہوگا۔
نمرہ نے یہاں تک کہا کہ “صبا قمر ہمارے ملک کی مائیکل جیکسن ہیں، ان جیسا معیار اور تنوع بہت کم فنکاروں میں دیکھنے کو ملتا ہے۔”
واضح رہے کہ اداکارہ نمرہ شاہد ڈرامہ سیریل ’ایک اور پاکیزہ‘ میں نظر آ چکی ہیں، جہاں انہوں نے سرائیکی کردار نور بھری کو نہایت مؤثر انداز میں پیش کیا تھا۔