روسی وزیرداخلہ کی وزیراعظم شہباز شریف ، فیلڈ مارشل عاصم منیر اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سے ملاقات

روسی وزیرداخلہ کی وزیراعظم شہباز شریف ، فیلڈ مارشل عاصم منیر اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سے ملاقات

ملاقات میں دوطرفہ تعاون سیکیورٹی سمیت تجارت، سرمایہ کاری اور سیاحت کے فروغ پر تبادلہ خیال

روس کے وزیر داخلہ ولادیمیر کولوکولتسیف کی وزیراعظم شہباز شریف ،  فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحا ق ڈار سے علیحدہ علیحدہ ملاقات کی، ملاقات میں دوطرفہ تعاون بڑھانے ، سیکیورٹی سمیت تجارت، سرمایہ کاری اور سیاحت کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم شہباز شریف سے روس کے وزیر داخلہ کی ملاقات

 دوطرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق

اسلام آباد: (نیوز پلس) وزیراعظم شہباز شریف سے روس کے وزیر داخلہ ولادیمیر کولوکولتسیف کی اسلام آباد میں ملاقات، جس میں پاک روس تعلقات کے فروغ، تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور اقتصادی تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے دوطرفہ تعلقات میں مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف سے روس کے وزیر داخلہ ولادیمیر کولوکولتسیف کی ملاقات آج اسلام آباد میں ہوئی۔روسی وزیر داخلہ اس وقت پاکستان کے سرکاری دورے پر ہیں۔ملاقات میں وزیراعظم نے پاکستان اور روس کے تعلقات میں مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اس رفتار کو برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔

وزیراعظم نے روس کے ساتھ دوستانہ تعلقات کو مزید گہرا کرنے اور باہمی مفاد کے لیے موجودہ دوطرفہ طریقہ کار سے مؤثر استفادہ کرتے ہوئے تعاون کو آگے بڑھانے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور اقتصادی ترقی سمیت باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیا۔

روسی وزیر داخلہ نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور مشترکہ دلچسپی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی روس کی خواہش کا اظہار کیا۔ انہوں نے مختلف کثیرالجہتی فورمز، بالخصوص اقوام متحدہ میں پاکستان کی حمایت کو سراہتے ہوئے پاکستان اور روس کے درمیان تجارت اور اقتصادی تعاون کو وسعت دینے کے وسیع امکانات کو بھی اجاگر کیا۔ انہوں نے دوطرفہ روابط مزید بڑھانے کے لیے پاکستان کے ساتھ قریبی تعاون کے لیے روس کی آمادگی کا اظہار کیا۔

بعد ازاں وزیراعظم نے منظم جرائم کی روک تھام کے لیے تعاون مضبوط بنانے سے متعلق مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب میں بھی شرکت کی۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے روس کے وزیرداخلہ کی ملاقات

 دوطرفہ سکیورٹی تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق

چیف آف آرمی اسٹاف ،چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سےروس کے وزیر داخلہ ولادیمیر کولوکولتسیف نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں ملاقات کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور خطے کی سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ دوطرفہ سکیورٹی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر خصوصی توجہ مرکوز کی گئی۔

ملاقات کے دوران پاکستان اور روس کے سکیورٹی اداروں کے درمیان قریبی روابط کے فروغ اور باہمی رابطہ کاری بہتر بنانے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔

اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے روس کے ساتھ پاکستان کے دیرینہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور مشترکہ مفادات کے مختلف شعبوں، بالخصوص سکیورٹی کے شعبے میں عملی تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق روسی وزیر داخلہ نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور قربانیوں کا اعتراف کیا۔

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سے روسی وزیر داخلہ کی ملاقات

تجارت، سرمایہ کاری اور سیاحت کے فروغ پر تبادلہ خیال

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے روس کے وزیر داخلہ ولادیمیر کولوکولتسیف نے وزارت خارجہ میں ملاقات کی، جس میں پاکستان اور روس کے دوطرفہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ترجمان دفترخارجہ کے مطابق ملاقات میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری بھی شریک ہوئے۔اس موقع پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے پاکستان اور روس کے تعلقات میں مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے حالیہ اعلیٰ سطح کے دوروں اور تبادلوں کا خیرمقدم کیا۔

ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، ثقافت اور سیاحت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے، عوامی سطح پر روابط مضبوط بنانے اور شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) سمیت کثیرالجہتی فورمز پر قریبی تعاون جاری رکھنے کے امکانات پر بھی گفتگو کی گئی۔

پاکستان - روس
Comments (0)
Add Comment