پاکستان اور عمان کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کی یادداشت سمیت 6 معاہدوں اور یادداشتوں پر دستخط
وزیراعظم شہباز شریف نے معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں کے تبادلے کی تقریب کا مشاہدہ کیا
اسلام آباد: (نیوز پلس) پاکستان اور عمان نے آٹھویں پاکستان-عمان مشترکہ وزارتی کمیشن کے اجلاس کی کارروائی کو باضابطہ شکل دینے والے پروٹوکول، سفارتی، خصوصی، سرکاری اور سروس پاسپورٹ رکھنے والوں کے لیے باہمی ویزا استثنیٰ کے معاہدے اور ریکارڈ و آرکائیوز کے شعبے میں مفاہمت کی یادداشت،اطلاعات و نشریات، آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن اور خبروں کے تبادلے و ذرائع ابلاغ کے شعبوں میں تعاون کی یادداشت سمیت 6 معاہدوں اور یادداشتوں پر دستخط کیے ہیں ۔
بدھ کو ترجمان وزارت خارجہ کے دفترِ سے جاری بیان کے مطابق عمان کے وزیر خارجہ سید بدر بن حمد بن حمود البوسعیدی کے آٹھویں پاکستان-عمان مشترکہ وزارتی کمیشن کے اجلاس کے لیے دورہ پاکستان کے دوران وزیراعظم محمد شہباز شریف نے چھ معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں کے تبادلے کی تقریب کا مشاہدہ کیا۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور عمان کے وزیر خارجہ سید بدر بن حمد بن حمود البوسعیدی نے آٹھویں پاکستان-عمان مشترکہ وزارتی کمیشن کے اجلاس کی کارروائی کو باضابطہ شکل دینے والے پروٹوکول، سفارتی، خصوصی، سرکاری اور سروس پاسپورٹ رکھنے والوں کے لیے باہمی ویزا استثنیٰ کے معاہدے اور ریکارڈ و آرکائیوز کے شعبے میں مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے۔
باقی تین مفاہمتی یادداشتوں پر وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ نے دستخط کیے۔ ان یادداشتوں میں اطلاعات و نشریات، آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن اور خبروں کے تبادلے و ذرائع ابلاغ کے شعبوں میں تعاون شامل ہے۔ان معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں کا تبادلہ پاکستان اور عمان کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے اور دیرینہ دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے مشترکہ عزم کا عکاس ہے۔