متحدہ عرب امارات پرکوئی میزائل یاڈرون حملے نہیں کیے، ترجمان ترجمان خاتم الانبیا ہیڈکوارٹرز

متحدہ عرب امارات پرکوئی میزائل یاڈرون حملے نہیں کیے، ترجمان  ترجمان خاتم الانبیا ہیڈکوارٹرز  

امارات سے ایران کے خلاف کارروائی کی گئی تو اس کا سخت  جواب دیں گے، ترجمان ایرانی افواج

ایران کے مرکزی خاتم الانبیا ہیڈکوارٹرز کے ترجمان نے واضح کیا ہے کہ ایرانی مسلح افواج نے متحدہ عرب امارات پر کوئی میزائل یا ڈرون حملہ نہیں کیا۔ ان کے مطابق امارات کی وزارتِ دفاع کی جانب سے جاری کی گئی رپورٹس بے بنیاد اور غلط ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ اگر امارات کی سرزمین سے ایران کے خلاف کسی بھی کارروائی کی گئی تو اس کا سخت جواب دیا جائے گا، اور کسی بھی صورت میں اسے برداشت نہیں کیا جائے گا۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ امریکا اور اسرائیل خطے میں عدم استحکام کے ذمہ دار ہیں اور اسلام کے دشمن ہیں۔ ترجمان کے مطابق بعض فریقین کی جانب سے پروپیگنڈا اور جھوٹے الزامات مسئلے کا حل نہیں ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ماضی میں ایران کی جانب سے دکھایا گیا تحمل امارات میں مقیم مسلمانوں کی سلامتی کے پیش نظر تھا۔

ادھر ایرانی بحریہ نے آبنائے ہرمز سے گزرنے والے بحری جہازوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام جہاز ایران کی جانب سے مقرر کردہ مخصوص راستوں کا استعمال کریں۔ بیان میں کہا گیا کہ اگر کسی جہاز نے راستہ تبدیل کیا تو اسے سخت اور فیصلہ کن ردعمل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

دوسری جانب  ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ متحدہ عرب امارات کا امریکا اور اسرائیل کے ساتھ تعاون ناقابلِ قبول ہے۔ بیان کے مطابق ایران کی جانب سے کی جانے والی دفاعی کارروائی صرف امریکا کے خلاف تھی، جبکہ ابوظبی میں کسی بھی فوجی اڈے کی موجودگی کو ایران کے خلاف اقدام تصور کیا جا رہا ہے۔ ترجمان نے خبردار کیا کہ ایران مخالف اقدامات کا بھرپور اور مناسب ردعمل دیا جائے گا۔

ترجمان خاتم الانبیا ہیڈکوارٹرز
Comments (0)
Add Comment