پشاور میں قائم امریکی قونصل خانے کو مرحلہ وار بند کرنے کا اعلان
امریکی محکمۂ خارجہ نے پشاور میں قائم امریکی قونصل خانے کو مرحلہ وار بند کرنے کا اعلان کر دیا۔
امریکی محکمۂ خارجہ کے جاری بیان کے مطابق خیبر پختون خوا سے متعلق سفارتی امور کی ذمہ داری اب اسلام آباد میں قائم امریکی سفارتخانے کو منتقل کر دی جائے گی۔
بیان میں اس فیصلے کو سفارتی عملے کی سیکیورٹی کو بہتر بنانے اور وسائل کے مؤثر استعمال کے لیے ایک اہم اقدام قرار دیا گیا ہے۔
محکمۂ خارجہ نے واضح کیا ہے کہ اس تبدیلی کے باوجود پاکستان سے متعلق امریکی پالیسی ترجیحات میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی۔ امریکا خیبر پختون خوا کے عوام اور مقامی حکام کے ساتھ اپنے روابط جاری رکھے گا تاکہ معاشی اور دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دیا جا سکے۔
مزید کہا گیا ہے کہ علاقائی سلامتی کو مضبوط بنانے اور امریکی مفادات کے تحفظ کے لیے بھی خیبر پختون خوا کے متعلقہ فریقین کے ساتھ رابطے جاری رہیں گے۔