Newspulse - نیوز پلس
پاکستان، سیاست، کھیل، بزنس، تفریح، تعلیم، صحت، طرز زندگی ... کے بارے میں تازہ ترین خبریں

افغانستان میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی میں 70 کے قریب دہشت گرد ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں، طلال چوہدری

افغانستان میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی میں 70 کے قریب دہشت گرد ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں، طلال چوہدری

وزیرِ مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے انکشاف کیا ہے کہ افغانستان میں دہشت گردوں کے خلاف پاکستان کی جوابی کارروائی کے دوران اب تک کی اطلاعات کے مطابق تقریباً 70 دہشت گرد ہلاک ہو چکے ہیں۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ریاست ہے جو ہمیشہ اپنے ہمسایہ ممالک کے ساتھ خوشگوار تعلقات کی خواہاں رہی ہے، تاہم افغانستان کی سرزمین سے طویل عرصے سے دہشت گردی پاکستان کی طرف منتقل ہو رہی ہے۔

طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان اپنے شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ ملک کے اندر بھی انٹیلی جنس بنیادوں پر بڑے پیمانے پر کارروائیاں جاری ہیں، جن کے تحت اب تک تقریباً 70 ہزار انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے جا چکے ہیں۔ ان کارروائیوں میں متعدد افراد کو گرفتار کیا گیا جبکہ کئی دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ افغانستان میں کی جانے والی حالیہ کارروائی اسی تسلسل کا حصہ ہے، جو تین مختلف مقامات پر مجموعی طور پر سات اہداف کو نشانہ بنا کر کی گئی۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق ان حملوں میں تقریباً 70 دہشت گرد مارے گئے ہیں۔ ان کا دعویٰ تھا کہ دستیاب شواہد سے ظاہر ہوتا ہے کہ ہلاک ہونے والے زیادہ تر دہشت گرد پاکستانی شناخت رکھتے تھے۔

وزیرِ مملکت نے مزید کہا کہ افغانستان کی عبوری حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے میں ناکام رہی ہے۔ انہوں نے یاد دہانی کرائی کہ دوحہ معاہدے کے تحت افغانستان نے عالمی برادری کو یقین دہانی کرائی تھی کہ اس کی سرزمین کسی بھی ملک کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال نہیں ہوگی، تاہم موجودہ صورتحال اس کے برعکس ہے۔

دوسری جانب وزارتِ اطلاعات و نشریات نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پاکستان میں حالیہ خودکش حملوں میں افغانستان میں موجود دہشت گرد قیادت اور ان کے سہولت کار ملوث ہیں۔ بیان کے مطابق اسلام آباد کی امام بارگاہ، باجوڑ اور بنوں میں ہونے والی کارروائیوں کی ذمہ داری افغانستان میں موجود پاکستانی طالبان، فتنہ الخوارج اور ان کے اتحادیوں نے قبول کی ہے۔

وزارت کے مطابق پاکستان کے پاس اس بات کے ٹھوس شواہد موجود ہیں کہ یہ حملے افغانستان میں موجود قیادت کی ہدایات پر کیے گئے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More