شدید عسکری دباؤ کے باوجود ایران امریکا کے سامنے نہ جھکا، ٹرمپ کی مایوسی میں اضافہ
واشنگٹن: مشرقِ وسطیٰ میں امریکی فوجی اور بحری طاقت میں اضافے کے باوجود ایران کی جانب سے ہتھیار نہ ڈالنے پر امریکی صدر Donald Trump کی مایوسی سامنے آئی ہے۔
صدر کے خصوصی ایلچی Steve Witkoff نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ صدر ٹرمپ نے ان سے استفسار کیا کہ شدید دباؤ اور خطے میں بحری موجودگی کے باوجود ایران ہتھیار ڈالنے کا اعلان کیوں نہیں کر رہا۔
اسٹیو وٹکوف کے مطابق صدر نے یہ سوال بھی اٹھایا کہ ایران واضح طور پر یہ کیوں نہیں کہتا کہ اسے ہتھیار درکار نہیں، جبکہ امریکا خطے میں اپنی عسکری تعیناتی میں مسلسل اضافہ کر رہا ہے۔
یاد رہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کے دو دور ہو چکے ہیں، لیکن اب تک کسی بڑی پیشرفت کی اطلاع نہیں ملی۔
ادھر امریکا نے مشرقِ وسطیٰ میں اپنی فوجی طاقت مزید بڑھانے کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے اور اطلاعات ہیں کہ ایک اور امریکی طیارہ بردار بحری جہاز بھی خطے کی جانب روانہ ہے۔
سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باوجود سفارتی راستہ مکمل طور پر بند نہیں ہوا، تاہم دونوں ممالک کے درمیان اعتماد کی کمی بدستور برقرار ہے۔
