پاکستان اور کینیڈا کے تعلقات میں نیا باب، کینیڈین وزیر خارجہ کا دورہ تاریخی سنگِ میل قرار، اقتصادی تعاون بڑھانے پر اتفاق

پاکستان اور کینیڈا کے تعلقات میں نیا باب، کینیڈین وزیر خارجہ کا دورہ تاریخی سنگِ میل قرار، اقتصادی تعاون بڑھانے پر اتفاق

       پاکستان تعلیم، آئی ٹی اور زراعت کے شعبوں میں کینیڈا کے تجربات اور تعاون کا خیر مقدم کرتا ہے، اسحاق ڈار

 

پاکستان اور کینیڈا کے درمیان تعلقات کئی دہائیوں پر محیط تاریخی روابط، باہمی احترام اور مشترکہ مفادات پر استوار ہیں، کینیڈا میں آباد لاکھوں پاکستانی دونوں ممالک کے درمیان مضبوط پل کا کردار ادا کر رہے ہیں، نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی کینیڈا کی وزیر خارجہ انیتا آنند کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس

 

اسلام آباد:   (خاورعباس شاہ) نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ کینیڈا کی وزیر خارجہ انیتا آنند کا پاکستان کا دورہ دونوں ممالک کے تعلقات میں ایک اہم سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے، جو باہمی اعتماد، اقتصادی شراکت داری اور مختلف شعبوں میں تعاون کے نئے امکانات کو فروغ دے گا۔

اسلام آباد میں کینیڈا کی وزیر خارجہ انیتا آنند کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان اور کینیڈا کے درمیان تعلقات کئی دہائیوں پر محیط تاریخی روابط، باہمی احترام اور مشترکہ مفادات پر استوار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کینیڈا میں آباد لاکھوں پاکستانی دونوں ممالک کے درمیان مضبوط پل کا کردار ادا کر رہے ہیں اور دوطرفہ تعلقات کو مستحکم بنانے میں ان کا اہم کردار ہے۔

انہوں نے بتایا کہ دونوں ممالک کے وفود کے درمیان ہونے والی ملاقاتوں میں تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم، انفارمیشن ٹیکنالوجی، زراعت، موسمیاتی تبدیلی، صلاحیت سازی اور عوامی روابط سمیت متعدد شعبوں میں تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ان مذاکرات سے کئی نئے مواقع سامنے آئے ہیں جن سے دونوں ممالک کے درمیان شراکت داری مزید مضبوط ہوگی۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان اور کینیڈا اقتصادی تعاون کو دوطرفہ تعلقات کا اہم ستون سمجھتے ہیں اور کاروباری روابط کو وسعت دینے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تعلیم، آئی ٹی اور زراعت کے شعبوں میں کینیڈا کے تجربات اور تعاون کا خیر مقدم کرتا ہے، جبکہ ان شعبوں میں مشترکہ منصوبوں سے دونوں ممالک کو فائدہ پہنچے گا۔

انہوں نے بتایا کہ زرعی شعبے میں تعاون کے فروغ کے لیے ایک نئے پروٹوکول کو حتمی شکل دے دی گئی ہے اور اس پر جلد وزیر اعظم ہاؤس میں دستخط کیے جائیں گے۔ ان کے مطابق یہ معاہدہ زرعی ٹیکنالوجی، تحقیق، جدید کاشتکاری اور غذائی تحفظ کے شعبوں میں تعاون کو نئی جہت دے گا۔

نائب وزیر اعظم نے کہا کہ دونوں ممالک نے صلاحیت سازی، مہارتوں کی منتقلی اور ادارہ جاتی تعاون کو بھی مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مجوزہ معاہدے کی کامیاب تکمیل نہ صرف پاکستان اور کینیڈا کے درمیان اقتصادی تعلقات کو مضبوط کرے گی بلکہ کینیڈین کاروباری اداروں اور سرمایہ کاروں کے لیے بھی ایک مؤثر اور سازگار فریم ورک فراہم کرے گی۔

اسحاق ڈار نے اس امید کا اظہار کیا کہ کینیڈین وزیر خارجہ کا یہ دورہ مستقبل میں دوطرفہ تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے میں اہم کردار ادا کرے گا اور دونوں ممالک مختلف شعبوں میں مشترکہ مفادات کے فروغ کے لیے قریبی تعاون جاری رکھیں گے۔

پاکستان - کینیڈا
Comments (0)
Add Comment