Newspulse - نیوز پلس
پاکستان، سیاست، کھیل، بزنس، تفریح، تعلیم، صحت، طرز زندگی ... کے بارے میں تازہ ترین خبریں

128 سال بعد اولمپکس میں کرکٹ کی تاریخی واپسی، آئی سی سی نے لاس اینجلس 2028 کے لیے کوالیفکیشن نظام کا اعلان کر دیا

128 سال بعد اولمپکس میں کرکٹ کی تاریخی واپسی، آئی سی سی نے لاس اینجلس 2028 کے لیے کوالیفکیشن نظام کا اعلان کر دیا

دبئی: کرکٹ 128 سال بعد ایک مرتبہ پھر اولمپکس کا حصہ بننے جا رہی ہے۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) اور انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی (آئی او سی) نے لاس اینجلس اولمپکس 2028 کے لیے کوالیفکیشن نظام اور ٹورنامنٹ فارمیٹ کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے، جبکہ پہلی بار آئی سی سی اولمپکس کوالیفائر 2027 بھی منعقد کیا جائے گا۔

اعلامیے کے مطابق مردوں اور خواتین کے ٹی20 ایونٹس میں مجموعی طور پر چھ، چھ ٹیمیں شرکت کریں گی۔ افریقہ، ایشیا، یورپ اور اوشیانا سے کم از کم ایک، ایک ٹیم کی نمائندگی یقینی بنائی گئی ہے تاکہ عالمی سطح پر متوازن شرکت کو فروغ دیا جا سکے۔

آئی سی سی کے مطابق دونوں ایونٹس میں پانچ، پانچ ٹیمیں موجودہ آئی سی سی ٹورنامنٹس اور ٹی20 انٹرنیشنل رینکنگ کی بنیاد پر براہِ راست کوالیفائی کریں گی، جبکہ چھٹی اور آخری نشست کا فیصلہ پہلی مرتبہ ہونے والے آئی سی سی اولمپکس کوالیفائر 2027 کے ذریعے ہوگا۔

خواتین کے ایونٹ میں چار ٹیمیں کوالیفائی

جاری آئی سی سی ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ 2026 کے نتائج کے بعد آسٹریلیا، انگلینڈ، بھارت اور جنوبی افریقا نے بالترتیب اوشیانا، یورپ، ایشیا اور افریقہ کی اعلیٰ رینکنگ ٹیموں کے طور پر لاس اینجلس اولمپکس کے لیے جگہ بنا لی ہے۔ ہر براعظم سے صرف ایک ٹیم کو براہِ راست کوالیفائی کرنے کا موقع دیا گیا ہے۔

ویسٹ انڈیز کے لیے خصوصی ضابطہ

آئی سی سی نے واضح کیا کہ ویسٹ انڈیز کئی کیریبین ممالک پر مشتمل مشترکہ رکن ہے اور چونکہ اسے آئی او سی نیشنل اولمپک کمیٹی کے طور پر تسلیم نہیں کرتی، اس لیے وہ اولمپکس میں بطور مشترکہ ٹیم شرکت نہیں کر سکے گا۔

تاہم اگر 31 دسمبر 2026 تک ویسٹ انڈیز کی مردوں یا خواتین کی ٹیم غیر کوالیفائیڈ ٹیموں میں ٹاپ آٹھ رینکنگ میں شامل ہوئی تو ایک خصوصی کیریبین کوالیفائر منعقد کیا جائے گا، جس کے ذریعے یہ طے ہوگا کہ کون سا کیریبین ملک آئی سی سی اولمپکس کوالیفائر 2027 میں نمائندگی کرے گا۔

میزبان امریکا کے لیے بھی شرط

اعلامیے کے مطابق میزبان ملک امریکا کو مردوں اور خواتین دونوں ایونٹس میں شرکت کے لیے اپنی متعلقہ ٹیم کو 30 جون سے 31 دسمبر 2026 کے دوران کسی بھی وقت آئی سی سی ٹی20 انٹرنیشنل رینکنگ کی ٹاپ 15 ٹیموں میں شامل ہونا ہوگا۔

اگر امریکی خواتین یا مردوں کی ٹیم یہ معیار پورا نہ کر سکی تو متعلقہ خودکار کوالیفائنگ نشست رینکنگ کی بنیاد پر اگلی بہترین غیر کوالیفائیڈ ٹیم کو دے دی جائے گی۔

مردوں کے ایونٹ کی کوالیفکیشن

مردوں کے مقابلوں میں باقی خودکار کوالیفائنگ مقامات کا فیصلہ 31 دسمبر 2026 کی ٹی20 انٹرنیشنل رینکنگ کے مطابق ہوگا، جہاں افریقہ، ایشیا، یورپ اور اوشیانا کی بہترین اہل ٹیمیں اولمپکس میں جگہ بنائیں گی۔

اولمپکس کوالیفائر 2027

دونوں ایونٹس کی آخری نشست کا فیصلہ آئی سی سی اولمپکس کوالیفائر 2027 میں ہوگا، جس میں مردوں اور خواتین کے مقابلوں کے لیے آٹھ، آٹھ ٹیمیں حصہ لیں گی۔ ٹورنامنٹ کی تاریخوں اور میزبان ملک کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

 

کرکٹ کے لیے تاریخی لمحہ

آئی سی سی کے چیئرمین جے شاہ نے کہا کہ اولمپک کھیلوں میں کرکٹ کی واپسی اس کھیل کے لیے ایک تاریخی سنگِ میل ہے اور دنیا کے سامنے کرکٹ کو مزید مؤثر انداز میں پیش کرنے کا بہترین موقع بھی۔

ان کے مطابق کوالیفکیشن نظام کی منظوری لاس اینجلس اولمپکس 2028 کی تیاریوں میں اہم پیش رفت ہے، جس سے دنیا بھر کی رکن ٹیموں کو اولمپکس تک رسائی کا واضح راستہ مل گیا ہے۔

سنجوگ گپتا کا مؤقف

آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو سنجوگ گپتا نے کہا کہ اولمپکس میں کرکٹ کی واپسی سے کھیل کو دنیا کے سب سے بڑے اسپورٹس پلیٹ فارم پر پیش کرنے کا موقع ملے گا، جبکہ اس سے نئی مارکیٹوں میں کرکٹ کے فروغ اور دو ارب سے زائد شائقین کو اولمپک تحریک سے جوڑنے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ کوالیفکیشن کا نیا ڈھانچہ مسابقتی معیار اور عالمی نمائندگی کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کیا گیا ہے، جس میں موجودہ آئی سی سی نظام کے ساتھ ایک نئے کوالیفائنگ ایونٹ کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

ٹورنامنٹ فارمیٹ

اولمپکس کے لیے کوالیفائی کرنے والی ہر ٹیم 15 کھلاڑیوں پر مشتمل اسکواڈ منتخب کرے گی۔ تمام ٹیموں کو تین، تین ٹیموں پر مشتمل دو گروپس میں تقسیم کیا جائے گا، جہاں ہر ٹیم گروپ مرحلے میں چار میچ کھیلے گی۔

گروپ مرحلے کے اختتام پر پہلی اور دوسری پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیمیں گولڈ میڈل کے لیے فائنل کھیلیں گی، جبکہ تیسری اور چوتھی پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیمیں برانز میڈل کے مقابلے میں آمنے سامنے ہوں گی۔

مردوں اور خواتین کے ایونٹس میں مجموعی طور پر 28 میچز کھیلے جائیں گے، جو لاس اینجلس کے علاقے پومونا میں خصوصی طور پر تعمیر کیے جانے والے کرکٹ اسٹیڈیم میں منعقد ہوں گے۔

آئی سی سی نے مزید کہا کہ اولمپک چارٹر کے تحت ہر بین الاقوامی کھیلوں کی فیڈریشن اپنے کھیل کے کوالیفکیشن قوانین اور اولمپکس میں شرکت کے معیار مقرر کرنے کی ذمہ دار ہوتی ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More