Newspulse - نیوز پلس
پاکستان، سیاست، کھیل، بزنس، تفریح، تعلیم، صحت، طرز زندگی ... کے بارے میں تازہ ترین خبریں

ہرجارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا، بھارتی وزیر دفاع کے بیان پر پاکستان کا دوٹوک جواب

ہرجارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا، بھارتی وزیر دفاع کے بیان پر پاکستان کا دوٹوک جواب

 بھارتی حکومت خطے اور عالمی امن و سلامتی کے لیے خطرات پیدا کرنے والی پالیسیوں پر عمل پیرا ہے۔دفتر خارجہ

اسلام آباد: پاکستان نے بھارتی وزیرِ دفاع کے حالیہ بیان کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے اسے انتہائی اشتعال انگیز، غیر ذمہ دارانہ اور خطے کے امن کےلیے خطرہ قرار دیا اور کہا کہ ہر جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائےگا۔

اسلام آباد: پاکستان نے بھارتی وزیرِ دفاع کے حالیہ بیان کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے اسے اشتعال انگیز، غیر ذمہ دارانہ اور علاقائی امن کے لیے خطرہ قرار دیا ہے۔ دفتر خارجہ نے واضح کیا ہے کہ پاکستان ہر قسم کی جارحیت یا مہم جوئی کا مؤثر اور بھرپور جواب دینے کی مکمل صلاحیت اور عزم رکھتا ہے۔

دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ بھارتی وزیرِ دفاع کے ریمارکس جموں و کشمیر کے اس بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ تنازع کی حقیقت کو مسخ کرنے کی کوشش ہیں، جو اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر موجود ہے۔ بیان کے مطابق یہ ریمارکس اس بات کی عکاسی کرتے ہیں کہ بھارتی حکومت خطے اور عالمی امن و سلامتی کے لیے خطرات پیدا کرنے والی پالیسیوں پر عمل پیرا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ ایسے بیانات کا مقصد بھارت کے زیرِ انتظام جموں و کشمیر میں جاری صورتحال، خطے میں دہشت گردی سے متعلق الزامات اور بھارت کو درپیش داخلی مسائل سے عالمی توجہ ہٹانا ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ بھارت کو اشتعال انگیز بیانات اور دھمکی آمیز رویہ اختیار کرنے کے بجائے زمینی حقائق کا ادراک کرنا چاہیے۔ پاکستان کی حکومت، عوام اور مسلح افواج ملکی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے ہر ممکن اقدام کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں اور کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔

دفتر خارجہ نے گزشتہ سال کے آپریشن "بنیان مرصوص” کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان پہلے بھی اپنے دفاع کے عزم اور صلاحیت کا عملی مظاہرہ کر چکا ہے۔

پاکستان نے عالمی برادری، بالخصوص اقوامِ متحدہ، سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت کے مسلسل غیر ذمہ دارانہ طرزِ عمل کا نوٹس لے اور سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں پر عمل درآمد نہ کرنے پر اسے جوابدہ ٹھہرائے۔

بیان میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ جموں و کشمیر کے عوام کو اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حقِ خودارادیت فراہم کرنا عالمی برادری کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More