ایران کو قطر میں منجمد 6 ارب ڈالر جلد مل جائیں گے، صدر پزشکیان
تہران: ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے اعلان کیا ہے کہ قطر میں منجمد ایرانی اثاثوں میں سے 6 ارب ڈالر کی رقم جلد ایران کو منتقل کر دی جائے گی، جبکہ باقی فنڈز کی واپسی کے لیے بھی کوششیں جاری ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق صدر مسعود پزشکیان نے قم میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکا کے ساتھ ہونے والا حالیہ معاہدہ ایران کے لیے ایک اہم سفارتی اور معاشی کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس پیش رفت سے نہ صرف ایران کے منجمد فنڈز کی واپسی ممکن ہوئی بلکہ تیل اور پیٹروکیمیکل شعبے پر عائد پابندیوں میں بھی نرمی آئی ہے، جس سے ملکی معیشت کو فائدہ پہنچنے کی توقع ہے۔
صدر پزشکیان نے بتایا کہ قطر میں موجود ایران کے 12 ارب ڈالر کے منجمد فنڈز میں سے پہلے مرحلے میں 6 ارب ڈالر جاری کیے جائیں گے، جبکہ باقی رقم کی واپسی کے لیے سفارتی کوششیں تیزی سے جاری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کے تمام منجمد اثاثے واپس لانے کے لیے پرعزم ہے اور اس مقصد کے حصول تک کوششیں جاری رہیں گی۔
ایرانی صدر نے اپنے خطاب میں جوہری پروگرام پر بھی بات کرتے ہوئے کہا کہ ایران کا جوہری پروگرام مکمل طور پر پرامن مقاصد کے لیے ہے۔ انہوں نے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کے موقف کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایران جوہری ہتھیار حاصل کرنے کا ارادہ نہیں رکھتا اور اپنی اعلان کردہ پالیسی پر بدستور قائم ہے۔
صدر پزشکیان نے عالمی برادری کو یقین دہانی کرائی کہ ایران کی تمام جوہری سرگرمیاں بین الاقوامی قوانین اور ملکی ضروریات کے مطابق جاری رہیں گی۔
