وزیراعظم اور سعودی ولی عہد کے درمیان رابطہ ۔ دونوں رہنماؤں کا ایران امریکا معاہدےکے اگلے مرحلےکو کامیابی سے بڑھانے پر اتفاق
پاکستان اور سعودی عرب ایک جامع اقتصادی پیکج کو جلد حتمی شکل دینے اور اس پر دستخط کے لیے تیار ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف
وزیراعظم شہباز شریف اور سعودی ولی عہد و وزیراعظم محمد بن سلمان کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا جس میں دو طرفہ تعلقات، علاقائی امن اور ایران امریکا مذاکراتی عمل سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم آفس کے مطابق سعودی ولی عہد نے ایران امریکا معاہدے میں پیش رفت پر وزیراعظم شہباز شریف کو مبارکباد دی۔ وزیراعظم نے بھی سعودی عرب کی میزبانی میں طے پانے والے اسلام آباد امن معاہدے پر سعودی قیادت کو مبارکباد پیش کی۔
دونوں رہنماؤں نے خطے میں امن و استحکام کے لیے کوششوں کو آگے بڑھانے پر اتفاق کیا اور اس بات پر زور دیا کہ ایران اور امریکا کے درمیان باقی ماندہ مسائل کو بات چیت کے ذریعے حل کیا جانا چاہیے۔
سعودی ولی عہد نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم اور عسکری قیادت کی مسلسل محنت سے امن معاہدہ ممکن ہوا۔
رابطے کے دوران دونوں رہنماؤں نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ مذاکراتی عمل کو سبوتاژ کرنے کی کسی بھی کوشش پر کڑی نظر رکھی جائے گی اور مکمل چوکسی اختیار کی جائے گی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب ایک جامع اقتصادی پیکج کو جلد حتمی شکل دینے اور اس پر دستخط کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے ولی عہد کو دورۂ پاکستان کی دعوت بھی دی۔
دونوں رہنماؤں نے آئندہ دنوں میں قریبی رابطے اور تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم نے بحران کے دوران سعودی عرب کی مستقل اور بھرپور حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے سعودی قیادت کی حکمت عملی اور کردار کو سراہا۔
