اسحاق ڈار سے چیئرمین این ڈی ایم اے کی ملاقات، قدرتی آفات سے نمٹنے کی تیاریوں پر تبادلہ خیال
موسمیاتی تبدیلیوں سے پیدا ہونے والے خطرات کم کرنے اور عالمی شراکت داروں سے تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور
اسلام آباد: (نیوزپلس) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) لیفٹیننٹ جنرل حسن خٹک ہلالِ امتیاز (ملٹری) نے وزارت خارجہ میں ملاقات کی، جس میں قدرتی آفات سے نمٹنے کی تیاریوں، موسمیاتی تبدیلیوں سے مطابقت اور ادارہ جاتی استعداد کار کو مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے لیفٹیننٹ جنرل حسن خٹک کو چیئرمین این ڈی ایم اے کی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارک باد دی اور ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ حسن خٹک کی قیادت میں پاکستان کی قدرتی آفات سے نمٹنے اور ان کے خطرات کم کرنے کی صلاحیت مزید مستحکم ہوگی۔
ملاقات کے دوران ملک بھر میں قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے پیشگی تیاریوں، موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے مطابقت پیدا کرنے اور متعلقہ اداروں کی تیاریوں کو مؤثر بنانے کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر اسحاق ڈار نے قدرتی آفات کے اثرات کم کرنے اور ملک میں پائیدار استعداد کار پیدا کرنے کے لیے بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے اس امر کو اہم قرار دیا کہ قدرتی آفات کے بڑھتے ہوئے خطرات سے مؤثر انداز میں نمٹنے اور عوام و قومی تنصیبات کو ممکنہ نقصانات سے محفوظ رکھنے کے لیے ادارہ جاتی تیاریوں اور عالمی تعاون کو مزید فروغ دیا جائے۔
