Newspulse - نیوز پلس
پاکستان، سیاست، کھیل، بزنس، تفریح، تعلیم، صحت، طرز زندگی ... کے بارے میں تازہ ترین خبریں

سینیٹ اجلاس میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی اقدامات کشمیری عوام پر مظالم کے خلاف متفقہ قرارداد منظور

قرارداد قائد ایوان شبلی فراز نے پیش کی

اسلام آباد(نیوز پلس) سینیٹ اجلاس میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی اقدامات کشمیری عوام پر مظالم کے خلاف متفقہ قرارداد منظور کی گئی اور بھارت کی طرف سے کشمیر کا اسٹیٹس تبدیل کرنے کے اقدام کو یکسر مسترد کردیا گیا۔ سینیٹ اجلاس کی صدارت چیئرمین صادق سنجرانی نے کی۔ قائد ایوان شبلی فراز نے قرارداد پیش کی۔ قرارداد میں کشمیریوں سے یکجہتی کا اظہار کیا گیا اور بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں جارحیت کی مذمت کی گئی۔قرارداد میں کہا گیا کہ نریندر مودی کے کشمیر میں اقدامات اقوام متحدہ کی قراردادوں کی منافی ہے۔ کشمیر میں غیر قانونی طور پر کرفیو نافذ کیا گیا ہے۔ کشمیر کا فیصلہ کشمیریوں کی مرضی اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کیے جانے کا مطالبہ بھی کیا گیا۔قرارداد میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کیلئے ہر فورم کا استعمال کیا جائے۔ اس سے قبل کشمیر پر بحث بھی ایوان میں جاری رہی۔ اراکین سینیٹ نے اس بات پر زور دیا کہ مودی حکومت کو مؤثر اور عملی جواب دینے کی ضرورت ہے۔سینیٹرمشاہدحسین سید،سینیٹرمیاں رضا ربانی،سینیٹر رحمان ملک،سینیٹر مولانا عبدلغفور حیدری اور دیگر نے کہا کہ اس وقت اتحاد کی ضرورت ہے۔ ہم متحد ہو کر کشمیر کی لڑائی مؤثر طریقے سے لڑ سکتے ہیں۔ کشمیر ایشو پر ایک کمیٹی یا ٹاسک فورس تشکیل دیے جانے کی ضرورت ہے۔ وزیراعظم مودی کے لیے تقریروں کا وقت گزر چکا اب ایکشن کا وقت آچکاہے۔ بعد ازاں سینیٹ کا اجلاس پیر کی سہ پہر تین بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More