پاکستان اور چین کی دیرینہ اسٹریٹیجک شراکت داری ، پاک بحریہ کی پہلی ہنگور کلاس آبدوز کی کمیشننگ کی تقریب
آبدوزیں دشمن کی جارحیت روکنے اور سمندری گزرگاہوں کے تحفظ میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ ، نیول چیف
پاکستان اور چین کے دفاعی تعلقات ایک نئے اور فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو گئے ہیں، جہاں جدید بحری طاقت کے حصول نے خطے میں طاقت کے توازن کو مزید مضبوط بنا دیا ہے۔ اسی سلسلے میں چین کے شہر سانیا میں پاک بحریہ کی پہلی ہنگور کلاس آبدوز کی شاندار کمیشننگ تقریب منعقد ہوئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق تقریب کے مہمانِ خصوصی آصف علی زرداری تھے، جنہوں نے اسے پاک بحریہ کی ترقی اور جدت کی جانب ایک تاریخی قدم قرار دیا۔ اس موقع پر پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف بھی موجود تھے۔
صدر مملکت نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان اپنے دفاع، سمندری مفادات اور اقتصادی راہداریوں کے تحفظ کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔ نیول چیف نے اس بات پر زور دیا کہ اہم بحری راستوں کی بندش عالمی تجارت اور توانائی کی ترسیل کے لیے سنگین خطرہ بن سکتی ہے، جبکہ آبدوزیں دشمن کی جارحیت روکنے اور سمندری گزرگاہوں کے تحفظ میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
انہوں نے یاد دلایا کہ 1971 کی جنگ میں ہنگور آبدوز نے دوسری جنگ عظیم کے بعد پہلی بار دشمن کے جنگی جہاز کو تباہ کر کے تاریخ رقم کی تھی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہنگور کلاس آبدوزیں جدید ایئر انڈیپنڈنٹ پروپلشن ٹیکنالوجی اور جدید سونار سسٹمز سے لیس ہیں، جبکہ ان کا اسٹیلتھ ڈیزائن اور طویل آپریشنل صلاحیت انہیں مزید مؤثر بناتی ہے۔ اس اہم پیشرفت پر شہباز شریف اور عاصم منیر نے بھی پاک بحریہ کو مبارکباد دی۔
