Newspulse - نیوز پلس
پاکستان، سیاست، کھیل، بزنس، تفریح، تعلیم، صحت، طرز زندگی ... کے بارے میں تازہ ترین خبریں

دورہ آسٹریلیا کے لئے 18 رکنی قومی ٹیسٹ اسکواڈ کا اعلان

دورہ آسٹریلیا کے لئے 18 رکنی قومی ٹیسٹ اسکواڈ کا اعلان

شان مسعود کی قیادت میں دورہ آسٹریلیا کے لیے پاکستان کی اٹھارہ رکنی ٹیسٹ ٹیم کا اعلان کردیا گیا ہے، شان مسعود ٹیسٹ ٹیم کی قیادت کریں گے، نوجوان کرکٹر صائم ایوب کو بھی سکواڈ میں شامل کرلیا گیا ہے۔ دورہ آسٹریلیا کے دوران پاکستان کرکٹ ٹیم 14دسمبر سے 7جنوری کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلے گی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سے پیر کو یہاں جاری اعلامیہ کے مطابق پاکستانی ٹیم کا اعلان چیف سلیکٹر وہاب ریاض نے کیا۔چیف سلیکٹر بننے کے بعد وہاب ریاض کا یہ پہلا اسائنمٹ ہے۔ وہ گزشتہ ہفتے چیف سلیکٹر بنائے گئے تھے۔ بائیں ہاتھ سے بیٹنگ کرنے والے 34سالہ شان مسعود پہلی بار پاکستان کی ٹیسٹ ٹیم کی قیادت کریں گے۔

انہیں ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ2023-25کے لیے قیادت کی ذمہ داری بابراعظم کی جگہ سونپی گئی ہے۔بابراعظم گزشتہ ہفتے ٹیسٹ کپتانی سے دستبردار ہوگئے تھے۔بائیں ہاتھ کے اوپننگ بیٹر صائم ایوب اور فاسٹ بولر خرم شہزاد پہلی مرتبہ پاکستان کی ٹیسٹ ٹیم میں شامل کئے گئے ہیں۔22سالہ صائم ایوب نے اس سیزن کی قائداعظم ٹرافی کے چار میچوں میں تین سنچریوں کی مدد سے553رنز بنائے جس میں فیصل آباد کے خلاف فائنل میں میچ وننگ ڈبل سنچری قابل ذکر تھی۔

انہوںنے اپنی شاندار فارم کو جاری رکھتے ہوئے پاکستان کپ ایک روزہ ٹورنامنٹ میں بھی سب سے زیادہ 397رنز بنائے اور وہ ٹورنامنٹ کے بہترین بیٹسمین قرار پائے۔فیصل آباد سے تعلق رکھنے والے دائیں ہاتھ کے 23سالہ فاسٹ بولر خرم شہزاد نے اس سال قائداعظم ٹرافی میں 20.31کی اوسط سے سب سے زیادہ 36وکٹیں حاصل کی ہیں۔انہوں نے پاکستان کپ ایک روزہ ٹورنامنٹ میں بھی عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 13وکٹیں حاصل کیں۔

پیس آل رانڈر فہیم اشرف جو آخری مرتبہ ٹیسٹ میچ انگلینڈ کے دور پاکستان میں کھیلے تھے، ٹیم میں واپس آئے ہیں۔ اسی طرح محمد وسیم جونیئر اور میرحمزہ کی بھی ٹیسٹ ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔یہ دونوں نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم سیریز میں ٹیم کا حصہ تھے جو دسمبر، جنوری میں کھیلی گئی تھی۔

پاکستان کی اٹھارہ رکنی ٹیم میں شان مسعود(کپتان)،عامرجمال، عبداللہ شفیق، ابرار احمد، بابراعظم، فہیم اشرف، حسن علی، امام الحق، خرم شہزاد، میرحمزہ، محمد رضوان، محمد وسیم جونیئر، نعمان علی، صائم ایوب، سلمان علی آغا، سرفراز احمد، سعود شکیل اور شاہین شاہ آفریدی شامل ہیں۔چیف سلیکٹر وہاب ریاض کا ٹیم کے سلیکشن پر کہنا ہے کہ ٹیم آسٹریلیا کی چیلنجنگ کنڈیشنز کو مد نظر رکھتے ہوئے منتخب کی گئی ہے، وہاں کی پچز کو ذہن میں رکھتے ہوئے تیز بولرز زیادہ ٹیم میں رکھے گئے ہیں تاکہ تین ٹیسٹ میچوں میں کامبی نیشن تیار کرنے میں آسانی رہے۔

انہوں نے کہا کہ صائم ایوب کو ڈومیسٹک کرکٹ میں شاندار پرفارمنس پر ٹیم میں شامل کیا گیا ہے، انہوں نے قائداعظم ٹرافی اور پاکستان کپ دونوں میں متاثرکن کارکردگی دکھائی ہے،ان کی شمولیت سے ٹیم کی بیٹنگ مزید مضبوط ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا آغاز اس سال سری لنکا میں جیت سے کیا ہے اور امید ہے کہ ٹیم آسٹریلیا میں بھی اس مومینٹم کو برقرار رکھے گی، ہم نے کوشش کی ہے کہ سلیکشن میں وہ تمام ضروری وسائل شامل کئے جائیں جن سے آسٹریلیا میں کامیابی حاصل کرنے میں مدد مل سکے۔

پاکستان کا اسکواڈ22نومبر کو ٹریننگ کیمپ کے لیے راولپنڈی میں جمع ہوگا، یہ کیمپ 23سے 28نومبر تک پنڈی اسٹیڈیم میں جاری رہے گا۔ ٹیم 30نومبر کو لاہور سے روانہ ہوگی۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹریننگ کیمپ کے لیے چند اضافی کھلاڑیوں کو بھی مدعو کیا ہے ان میں ارشد اقبال، کاشف علی، شاداب خان، شاہنواز دھانی، محمد نواز، عثمان قادر اور اسامہ میر شامل ہیں۔ٹیسٹ سیریز کے شیڈول کے مطابق پہلا ٹیسٹ14 سے18دسمبرتک پرتھ میں کھیلا جائے گا جبلہ دوسرا ٹیسٹ26سے 30دسمبرتک میلبرن اور تیسرا ٹیسٹ3سے7جنوری تک سڈنی میں کھیلا جائے گا۔

بشکریہ: اے پی پی

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More