Newspulse - نیوز پلس
پاکستان، سیاست، کھیل، بزنس، تفریح، تعلیم، صحت، طرز زندگی ... کے بارے میں تازہ ترین خبریں

آئی سی سی کا ورلڈ کپ کی بہترین ٹیم کا اعلان، پاکستان کا کئی کھلاڑی جگہ نہ بنا سکا

آئی سی سی کا ورلڈ کپ کی بہترین ٹیم کا اعلان، پاکستان کا کئی کھلاڑی جگہ نہ بنا سکا

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ورلڈ کپ کے اختتام پر ٹورنامنٹ کی بہترین ٹیم کا اعلان کر دیا، کوئی پاکستانی کھلاڑی ٹیم میں جگہ نہ بناسکا، روہت شرما کو ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا ہے۔ بہترین ٹیم میں عالمی چیمپئن آسٹریلیا سمیت بھارت ، جنوبی افریقہ، نیوزی لینڈ اور سری لنکا کے کھلاڑی شامل ہیں۔

ٹورنامنٹ کی بہترین ٹیم میں سب سے زیادہ بھارت کے 6 کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے۔ بھارت کی طرف سے کپتان روہت شرما، ویرات کوہلی کے ایل راہول، رویندرا جدیجا، جسپریت بمرا اور محمد شامی شامل ہیں، آسٹریلیا کی طرف سے گلین میکسویل اور ایڈم زمپا شامل ہیں۔ جنوبی افریقہ کے کوئنٹن ڈی کوک اور گیرالڈ کوٹزے شامل ہیں جبکہ نیوزی لینڈ کے ڈیرل مچل اور سری لنکا کے بائولر دلشان مدوشنکا کو شاندار پرفارمنس پر ٹورنامنٹ کی بہترین ٹیم میں شامل کیا گیاہے۔

اس ٹیم کا اعلان کمنٹیٹرز این بشپ، کیس نائیڈو، شین واٹسن، آئی سی سی جنرل منیجر کرکٹ وسیم خان اور صحافی سنیل ویدیا پر مشتمل سلیکشن پینل نے کیا۔ جنوبی افریقہ کے وکٹ کیپر بلے باز کوئنٹن ڈی کوک کو بطور اوپنر شامل کیا گیا ہے، ڈی کوک نے ورلڈ کپ میں شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کرتے ہوئے 594 رنز سکور کئے جس میں چار سنچریاں شامل ہیں جبکہ بنگلہ دیش کے خلاف 174 رنز ان کی بہترین اننگز ہے۔ روہت شرما کو شاندار پرفارمنس اور بہترین کپتانی پر ٹیم کی قیادت سونپی گئی ہے۔

انہوں نے ورلڈ کپ میں 54.27 کی اوسط سے 597 رنز بنائے،بھارت کے سٹار کرکٹر ویرات کوہلی کو میگا ایونٹ میں سب سے زیادہ سکورکرنے سمیت کئی ورلڈ ریکارڈز اپنے نام کرنے پر ٹیم میں شامل کیا گیا ہے، کوہلی نے ورلڈ کپ کے ایک ایڈیشن میں سب سے زیادہ 765 رنز بنا کر سچن ٹنڈولکر کا ورلڈ ریکارڈ توڑا اور ون ڈے میں 50 سنچریاں بنانے والے دنیا کے پہلے کھلاڑی ہونے کا اعزاز اپنے نام کیا۔

نیوزی لینڈ کے ڈیرل مچل نے ورلڈ کپ میں 69 کی اوسط سے 552 رنز بنائے، کے ایل راہول نے 75.33 کی اوسط سے 452، آسٹریلوی آل رائونڈر گلین میکسویل نے 66.66 کی اوسط سے 400 رنز اور چھ وکٹیں بھی حاصل کیں ، انہوں نے افغانستان کے خلاف شاندار ڈبل سنچری سکور کرکے اپنی ٹیم کو تن تنہا فتح دلوائی تھی ، اسی طرح بھارتی آل رائونڈر رویندرا جدیجا نے ورلڈ کپ میں 16 وکٹیں اور 120 رنز بنائے، جسپریت بمرا نے ٹورنامنٹ میں 18.65 کی اوسط سے 20 وکٹیں حاصل کیں،

دلشان مدوشنکا نے 21 وکٹیں ، آسٹریلوی سپنر ایڈم زمپا نے 23 وکٹیں ، محمد شامی نے 24 وکٹیں حاصل کیں۔ آئی سی سی کے مطابق جنوبی افریقہ کے جیرالڈ کوٹزے کو بارہویں کھلاڑی کے طور پر ٹیم میں شامل کیا گیا ہے، انہوں نے ورلڈ کپ میں 20 وکٹیں حاصل کیں۔

 بشکریہ: اے پی پی

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More