بادشاہ سے علیحدگی کی افواہیں، ایشا ریکھی نے خاموشی توڑ دی
ممبئی: بھارتی گلوکار بادشاہ کی اہلیہ ایشا ریکھی نے شوہر سے علیحدگی اور مقبول ریئلٹی شو ’بگ باس 20‘ میں شرکت سے متعلق گردش کرنے والی قیاس آرائیوں پر خاموشی توڑ دی۔
ایشا ریکھی نے اپنے انسٹاگرام بیان میں کہا ہے کہ وہ اپنی نجی زندگی کی تفصیلات عوامی سطح پر شیئر نہیں کرنا چاہتیں۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی مختلف خبروں اور قیاس آرائیوں پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے مداحوں اور عوام سے اپیل کی کہ وہ غیر مصدقہ اطلاعات پر یقین نہ کریں۔
ایشا ریکھی کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ’بگ باس 20‘ کے ایک پرومو کے بعد ان کی شو میں شرکت سے متعلق قیاس آرائیوں نے زور پکڑ لیا تھا۔ تاہم، ایشا ریکھی کی ممکنہ شرکت کے حوالے سے تاحال کوئی باضابطہ تصدیق سامنے نہیں آئی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایشا ریکھی اور بادشاہ نے شادی سے قبل تقریباً چار سال تک ایک دوسرے کے ساتھ تعلق میں رہنے کے بعد رواں برس کے آغاز میں ایک نجی تقریب میں شادی کی تھی۔
دونوں کی شادی کی خبر مارچ 2026 میں اس وقت سامنے آئی جب ایشا ریکھی کی والدہ نے سوشل میڈیا پر شادی کی تصاویر شیئر کیں، جس کے بعد مداحوں اور بھارتی شوبز حلقوں میں ان کی شادی موضوعِ بحث بن گئی۔
دوسری جانب، گزشتہ عرصے کے دوران بادشاہ اور ایشا ریکھی کے درمیان مبینہ علیحدگی کی خبریں بھی سامنے آتی رہی ہیں۔ دونوں کی جانب سے اپنی نجی زندگی کے احترام کی اپیل کے بعد سوشل میڈیا پر مختلف قیاس آرائیاں مزید تیز ہوگئیں۔
ایشا ریکھی کے حالیہ بیان نے ان قیاس آرائیوں پر کسی حد تک وضاحت ضرور فراہم کی ہے، تاہم ان کے ازدواجی تعلق اور ’بگ باس 20‘ میں شرکت کے حوالے سے حتمی صورتحال کے لیے باضابطہ اعلان کا انتظار ہے۔
