وزیراعظم نے امریکی صدرکو امن کا علمبردار قرار دیا ، شہباز شریف اور فیلڈ مارشل کی امریکی صدر سے ملاقات کا اعلامیہ جاری
وزیراعظم نے صدر ٹرمپ کی جرات مندانہ، دلیرانہ اور فیصلہ کن قیادتکو سراہا، اعلامیہ
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور وزیراعظم محمد شہباز شریف کے درمیان ملاقات کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا، فیلڈ مارشل عاصم منیر بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔
وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری اعلامیہ کےمطابق وزیراعظم اورامریکی صدر کےدرمیان گرمجوشی اور خوشگوار ماحول میں ملاقات ہوئی،وزیراعظم نےامریکی صدرکو امن کا علمبردار قرار دیا۔
دونوں رہنماؤں نےانسداد دہشت گردی تعاون سمیت علاقائی سلامتی پربھی تبادلہ خیال کیا۔وزیراعظم نےانسداد دہشت گردی میں پاکستان کےکردارکی عوامی توثیق پرصدرٹرمپ کاشکریہ اداکیا اورسیکیورٹی اورانٹیلی جنس میں تعاون کو مزید بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔
وزیراعظم شہبازشریف نےکہا امریکی صدردنیا بھرمیں تنازعات کے خاتمے کے لیےمخلصانہ کوششوں میں مصروف تھے،انہوں نے ٹرمپ کی جرات مندانہ،دلیرانہ اورفیصلہ کن قیادت کو سراہاجس نے پاکستان اور بھارت کےدرمیان جنگ بندی میں سہولت فراہم کی اوراس طرح جنوبی ایشیا میں ایک بڑی تباہی کو ٹالنے میں مدد فراہم کی۔
مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر تبادلہ خیال کرتےہوئے وزیراعظم نے غزہ میں جنگ کے فوری خاتمے کے لیے صدرٹرمپ کی کوششوں کو سراہا،خاص طور پر اس ہفتے کےشروع میں مشرق وسطیٰ بالخصوص غزہ اور مغربی کنارے میں امن کی بحالی کے لیے جامع تبادلے کے لیے نیویارک میں مسلم دنیا کے اہم رہنماؤں کو مدعو کرنے کے ان کے اقدام کو سراہا۔
وزیراعظم نے اس سال کے شروع میں پاکستان اور امریکا کے درمیان طے پانے والے ٹیرف انتظامات پر صدر ٹرمپ کا شکریہ بھی ادا کیا ، دونوں ممالک کے درمیان درینہ شراکت داری کو یاد کرتے ہوئے وزیراعظم نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ صدر ٹرمپ کی قیادت میں پاکستان اور امریکا دونوں ممالک کے باہمی فائدے کے لئے شراکت داری کو مزید مضبوط کیا جائے گا ، اس سلسلے میں وزیراعظم وزیراعظم نے امریکی کمپنیوں کو پاکستان کی زراعت ، آئی ٹی ، معدنیات اور توانائی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔
وزیراعظم نےصدر ٹرمپ کو انکی سہولت کےمطابق پاکستان کاسرکاری دورہ کرنےکی پرتپاک اورپرجوش دعوت بھی دی،ملاقات میں امریکی نائب صدر جے ڈی وینس اور امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو بھی شامل تھے۔
ملاقات کے بعد امریکی صدر نے انگوٹھا دکھا کر ملاقات کامیاب رہنے کا عندیہ دیا، تینوں رہنماؤں میں مسکراہٹوں کا تبادلہ ہوا۔
ملاقات سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ہمارے پاس ایک عظیم رہنما آ رہے ہیں، ہمارے پاس پاکستان کے وزیرِاعظم آ رہے ہیں اور پاکستان کے فیلڈ مارشل بھی۔
انہوں نے کہ فیلڈ مارشل ایک عظیم شخصیت ہیں اور وزیراعظم بھی دونوں ہی میرے بہتری دوست ہیں
