آپریشن شعبان بھرپور انداز میں جاری، مزید14 دہشتگرد ہلاک، مجموعی تعداد 64ہوگئی
وزیر داخلہ محسن نقوی کا کامیاب کارروائی پر پاک فوج، ایف سی بلوچستان اور بلوچستان پولیس کو زبردست خراج تحسین پیش
کوئٹہ، 11 جولائی (SCI): پاک فوج، فرنٹیئر کور (ایف سی) بلوچستان اور بلوچستان پولیس کی جانب سے دہشتگردوں کے خلاف مشترکہ "آپریشن شعبان” بھرپور انداز میں جاری ہے، جس کے دوران تازہ کارروائیوں میں فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے مزید 14دہشتگرد ہلاک کر دیے گئے ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بلوچستان میں دہشتگرد عناصر کے خاتمے کے لیے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر مربوط کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔ تازہ آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دشوار گزار پہاڑی علاقوں اور دور افتادہ راستوں میں قائم دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو فضائی اور زمینی کارروائیوں کے ذریعے مؤثر انداز میں نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں مزید 14 دہشتگرد مارے گئے۔
ذرائع کے مطابق آپریشن شعبان کے آغاز سے اب تک ہلاک ہونے والے دہشتگردوں کی مجموعی تعداد 52 ہو چکی ہے، جبکہ 5 جولائی سے جاری آپریشن شعبان اور دیگر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز (IBOs) میں مجموعی طور پر 102 دہشتگردوں کو ہلاک کیا جا چکا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشتگردوں کے خلاف کارروائیاں پوری شدت سے جاری ہیں اور بلوچستان سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک آپریشن شعبان بلا تعطل جاری رکھا جائے گا۔ ذرائع نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ریاست دشمن عناصر کو دوبارہ منظم ہونے کا کوئی موقع نہیں دیا جائے گا اور صوبے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے ہر ممکن اقدام کیا جائے گا۔
دریں اثنا وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کامیاب کارروائی پر پاک فوج، ایف سی بلوچستان اور بلوچستان پولیس کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ بہادر سیکیورٹی فورسز نے پیشہ ورانہ مہارت، جرات اور قربانی کے جذبے سے دشمن کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگرد ملک و قوم کے دشمن ہیں اور ان کا جڑ سے خاتمہ ناگزیر ہے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ حکومت دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور امن دشمن عناصر کو ملک کے کسی بھی حصے میں چھپنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان میں امن، استحکام اور عوام کے تحفظ کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا۔
