شہید آیت اللہ علی خامنہ ای کی تدفین اور جنازے میں6 روزہ تقریبات میں تقریباً4 کروڑ30 لاکھ افراد شریک ہوئے، ایرانی میڈیا
ایرانی میڈیا کے مطابق تدفین اور جنازے میں6 روزہ تقریبات تہران، قم، نجف، کربلا اور مشہد میں ہوئیں
مشہد: ایران کے شہید سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای کو مشہد میں روضہ حضرت امام رضاؑ کے احاطے میں سپردِ خاک کردیا گیا ۔ ایرانی میڈیا کے مطابق شہید آیت اللہ علی خامنہ ای کی تدفین اور جنازے میں6 روزہ تقریبات میں تقریباً4 کروڑ30 لاکھ افراد شریک ہوئے،
ایرانی میڈیا کے مطابق نماز جنازہ شہید رہنما کے بڑے صاحبزادے آیت اللہ سید مصطفیٰ خامنہ ای نے پڑھائی، جبکہ تدفین کے موقع پر لاکھوں افراد نے شرکت کی۔ مشہد کی سڑکوں پر سوگواروں کا بڑا اجتماع دیکھنے میں آیا۔
رپورٹ کے مطابق آیت اللہ علی خامنہ ای کی نماز جنازہ اور تدفین سے متعلق چھ روزہ تقریبات تہران، قم، نجف، کربلا اور مشہد میں منعقد ہوئیں، جن میں مجموعی طور پر تقریباً 4 کروڑ 30 لاکھ افراد نے شرکت کی۔
ایرانی خبر ایجنسی کے مطابق شہید رہنما کے ایصالِ ثواب کے لیے تعزیتی اجتماع آج حرم حضرت معصومہؑ میں منعقد ہوگا، جس میں نماز مغرب و عشاء کے بعد آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای بھی شرکت کریں گے۔
اس سے قبل آیت اللہ علی خامنہ ای کا جسدِ خاکی نجف سے مشہد منتقل کیا گیا، جہاں ایرانی فضائیہ کے جنگی طیاروں نے جسدِ خاکی لانے والے طیارے کو حفاظتی حصار میں ائیرپورٹ تک پہنچایا۔
تدفین سے قبل میت کو کربلا میں حضرت امام حسینؑ اور حضرت عباسؑ کے روضوں پر بھی لے جایا گیا، جہاں نماز جنازہ ادا کی گئی۔ گورنر آفس کے مطابق کربلا میں جنازے کے جلوس میں 70 لاکھ سے زائد سوگوار شریک ہوئے تھے۔
