پاکستان نے بھارتی وزیراعظم کے اشتعال انگیز بیانات کو مسترد کر دیا
مودی کا بیان خطے میں امن کی کوششوں کو خطرے میں ڈالنے کے مترادف ہے، جنگ بندی کی خواہش کو پاکستان سے جوڑنا جھوٹ ہے، ترجمان دفتر خارجہ
اسلام آباد: پاکستان نے بھارتی وزیراعظم کے اشتعال انگیز بیانات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ مودی کا بیان خطے میں امن کی کوششوں کو خطرے میں ڈالنے کے مترادف ہے، جنگ بندی کی خواہش کو پاکستان سے جوڑنا جھوٹ ہے۔
اپنے بیان میں ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارتی وزیر اعظم کے بیانات سیاسی موقع پرستی کے عکاس اور خطے میں امن کی کوششوں کو خطرے میں ڈالنے کے مترادف ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے پر عزم ہے،جنگ بندی کئی دوست ممالک کی کاوشوں سے ممکن ہوئی، جنگ بندی کی خواہش کو پاکستان سے جوڑنا جھوٹ ہے۔
وزارت خارجہ نے کہا کہ پاکستان پر مایوسی اور ناکامی میں سیز فائر مانگنیکا الزام سراسر جھوٹ ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کا انسداددہشت گردی میں کردار عالمی سطح پر تسلیم شدہ ہے، جبکہ اقوام متحدہ کی قراردادوں اورکشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق مسئلہ کشمیر کا پرامن حل چاہتے ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارت کو علاقائی استحکام اور اپنیعوام کی فلاح وبہبود کو ترجیح دینی چاہیے۔