اوزون کا تحفظ نئی نسل کے محفوظ مستقبل کی ضمانت ہے، وزیراعلیٰ مریم نواز
ماحولیاتی تحفظ ہماری ذمہ داری ہی نہیں بلکہ عبادت بھی ہے، شجرکاری، سموگ کا خاتمہ اور گرین انرجی پنجاب حکومت کی اولین ترجیح ہے: وزیراعلیٰ پنجاب
لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ اوزون تہہ کا تحفظ نئی نسل کے محفوظ اور صحت مند مستقبل کی ضمانت ہے، ماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے بچاؤ اور ماحول کو آلودگی سے محفوظ رکھنے کے لیے اوزون کے تحفظ کے اقدامات ناگزیر ہیں۔
اوزون کے تحفظ کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ اوزون کی تہہ زمین کے گرد قدرتی حفاظتی حصار کی حیثیت رکھتی ہے جو سورج سے آنے والی خطرناک بالائے بنفشی شعاعوں سے انسانوں، جانوروں اور پودوں کو تحفظ فراہم کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی آلودگی اور موسمیاتی تبدیلیوں کے بڑھتے ہوئے اثرات کے تناظر میں ماحول کے تحفظ کے لیے اجتماعی اور مؤثر اقدامات وقت کی اہم ضرورت ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ ماحولیاتی تحفظ صرف حکومت کی ذمہ داری نہیں بلکہ ہر شہری کا فرض ہے، ماحولیاتی تحفظ ہماری ذمہ داری ہی نہیں بلکہ عبادت بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے پہلی مرتبہ گرین فیوچر کے لیے جامع ماحولیاتی پالیسی نافذ کی ہے اور صوبے کو صاف، سرسبز اور ماحول دوست بنانے کے لیے عملی اقدامات جاری ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ ’’کلین اینڈ گرین پنجاب‘‘ کے وژن کے تحت شجرکاری، سموگ کے خاتمے، فضائی آلودگی میں کمی اور گرین انرجی کے فروغ پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ پنجاب کے مختلف علاقوں میں بڑے پیمانے پر شجرکاری کی گئی ہے جبکہ 50 ہزار ایکڑ اراضی پر شجرکاری کے ذریعے 5 کروڑ درخت لگائے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ درخت ماحولیاتی توازن برقرار رکھنے، فضائی آلودگی کم کرنے اور موسمیاتی تبدیلیوں کے منفی اثرات سے نمٹنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، اس لیے پنجاب کو زیادہ سے زیادہ سرسبز بنانے کے لیے شجرکاری کا عمل مزید آگے بڑھایا جا رہا ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ کلین انرجی ویژن کے تحت صوبے میں ماحول دوست سفری سہولیات کو فروغ دیا جا رہا ہے۔ ہر ضلع اور تحصیل تک گرین الیکٹرو بس سروس چلانے کا منصوبہ اسی وژن کا حصہ ہے، جس کا مقصد شہریوں کو جدید اور ماحول دوست پبلک ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ پٹرول اور ڈیزل پر انحصار کم کرنا ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب حکومت کی جانب سے طلبہ، خواتین اور عام شہریوں کو الیکٹرک بائیکس کی فراہمی بھی ماحول دوست ٹرانسپورٹ کے فروغ کی جانب اہم قدم ہے۔ اسی طرح گرین ٹیکسی کے ذریعے بھی صوبے میں ماحول دوست ٹرانسپورٹ سسٹم متعارف کرایا گیا ہے تاکہ شہریوں کو جدید سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں اور فضائی آلودگی میں کمی لائی جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں سموگ اور فضائی آلودگی کے خاتمے کے لیے بھی مختلف اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ماحولیاتی تحفظ، صاف ہوا اور گرین انرجی کے فروغ کو حکومتی پالیسی کا بنیادی حصہ بنایا گیا ہے۔
مریم نواز نے دعویٰ کیا کہ پنجاب حکومت نے اڑھائی سال کے دوران ماحولیات کے شعبے میں اتنا کام کیا ہے جتنا کئی دہائیوں میں نہیں ہو سکا۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ اب سرسبز و شاداب مستقبل کی جانب تیزی سے بڑھ رہا ہے اور ماحول کے تحفظ کے لیے شروع کیے گئے اقدامات کا سلسلہ جاری رہے گا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے اس عزم کا اظہار کیا کہ صاف، سرسبز اور محفوظ پنجاب کے لیے حکومت کی کوششیں جاری رہیں گی اور محفوظ ماحولیاتی مستقبل کا سفر نہیں رکے گا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ نسل کو آنے والی نسلوں کے لیے ایسا ماحول فراہم کرنا ہوگا جہاں صاف ہوا، سرسبز فضا اور محفوظ قدرتی وسائل دستیاب ہوں۔
