پاکستان اپنی خودمختاری کا ہر قیمت پر دفاع کرے گا، وزیراعظم کی امریکی وزیر خارجہ سے ٹیلیفونک گفتگو
پاکستانی عوام بھارت کی بلااشتعال جارحیت پر شدید غصے میں ہیں ، وزیراعظ
وزیراعظم شہباز شریف نے امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو ست گفتگو میں کہا کہ بھارتی حملے پاکستان کی خودمختاری اورعلاقائی سالمیت کی سنگین خلاف ورزی ہیں اور ان سے جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کو شدید خطرات لاحق ہو چکے ہیں
اسلام آباد: وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف سے امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے آج شام ٹیلیفون پر رابطہ کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم نے بھارت کی جانب سے میزائل اور ڈرون حملوں کی شدید مذمت کی جن کے نتیجے میں 31 شہری شہید اور 57 زخمی ہوئے، جبکہ شہری بنیادی ڈھانچے کو بھی شدید نقصان پہنچا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ بھارتی حملے پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی سنگین خلاف ورزی ہیں اور ان سے جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کو شدید خطرات لاحق ہو چکے ہیں۔ انہوں نے واضح الفاظ میں کہا کہ پاکستان اپنی خودمختاری اور سالمیت کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گا۔
وزیراعظم نے بتایا کہ پاکستانی عوام بھارت کی بلااشتعال جارحیت پر شدید غصے میں ہیں اور پاکستان اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 کے تحت اپنے دفاع کا حق محفوظ رکھتا ہے۔
وزیراعظم نے جنوبی ایشیاء کی سیکیورٹی صورتحال پر امریکی صدر ٹرمپ کی تشویش کو سراہا۔ اس موقع پر امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا کہ امریکہ خطے کی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور وہ امن و استحکام کے فروغ کے لیے پُرعزم ہے۔ انہوں نے پاکستان اور بھارت دونوں پر زور دیا کہ کشیدگی کم کرنے کے لیے مل کر کام کریں۔
بشکریہ: پی ٹی وی
