Newspulse - نیوز پلس
پاکستان، سیاست، کھیل، بزنس، تفریح، تعلیم، صحت، طرز زندگی ... کے بارے میں تازہ ترین خبریں

وزیراعظم کی ایرانی صدر کو جنگ بندی پر مبارکباد، پزشکیان کی اسلام آباد مذاکرات میں شرکت تصدیق

وزیراعظم کی ایرانی صدر کو جنگ بندی پر مبارکباد، پزشکیان کی اسلام آباد مذاکرات میں شرکت تصدیق

وزیراعظم شہباز شریف کی ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے ٹیلیفونک گفتگو، دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعلقات اور خطے کی اہم صورتحال پر تبادلہ خیال

اسلام آباد:  وزیراعظم  پاکستان محمد شہباز شریف نے آج ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے ٹیلیفون پر گفتگو کی۔ ذرائع کے مطابق یہ رابطہ نہایت خوشگوار اور دوستانہ ماحول میں ہوا اور تقریباً 45 منٹ تک جاری رہا، جس میں دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعلقات اور خطے کی اہم صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

گفتگو کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے ایرانی صدر کو حالیہ جنگ بندی پر مبارکباد دی اور دونوں رہنماؤں نے مذاکرات کے باضابطہ آغاز کے حوالے سے بھی بات کی۔ اس موقع پر وزیراعظم نے ایرانی قیادت کی دور اندیشی اور دانشمندی کو سراہا، جنہوں نے فوری طور پر جنگ بندی کی آمادگی ظاہر کی۔

ذرائع کے مطابق، گفتگو میں خاص طور پر ایران اور امریکہ کے درمیان اسلام آباد میں رواں ہفتے متوقع مذاکرات کا بھی ذکر ہوا۔ وزیراعظم نے آبنائے ہرمز کھولنے پر ایرانی قیادت کی تعریف کی اور شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے ایران کے سپریم رہنما مُجتبیٰ خامنہ ای کے لیے بھی اپنی تعظیم کا اظہار کیا۔

اس پر ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور ایران اور امریکہ کے درمیان عارضی جنگ بندی کے قیام میں پاکستانی قیادت کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے پاکستانی عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے اس بات کی تصدیق کی کہ ایران اسلام آباد میں ہونے والے مذاکرات میں فعال شرکت کرے گا۔

گفتگو کے اختتام پر دونوں رہنماؤں نے باہمی رابطے کو جاری رکھنے پر اتفاق کیا اور یہ عہد کیا کہ مستقبل میں خطے کے امن و استحکام کے لیے تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More