Newspulse - نیوز پلس
پاکستان، سیاست، کھیل، بزنس، تفریح، تعلیم، صحت، طرز زندگی ... کے بارے میں تازہ ترین خبریں

قومی اسمبلی کے فلور پر پاکستان، عدلیہ اور افواجِ پاکستان کے خلاف کسی بھی قسم کی گفتگو کی اجازت نہیں دی جائے گی، سردار ایاز صادق

قومی اسمبلی کے فلور پر پاکستان، عدلیہ اور افواجِ پاکستان کے خلاف کسی بھی قسم کی گفتگو کی اجازت نہیں دی جائے گی، سردار ایاز صادق

لاہور:  اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے ہفتہ کے روز نیشنل کالج آف آرٹس (این سی اے) کے دورہ کیا۔اس موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قومی اسمبلی کے فلور پر عدلیہ، افواج پاکستان اور ججز کے کردار پر منفی یا متنازع گفتگو کی اجازت نہیں ہو گی۔انہوں نے کہا کہ افواجِ پاکستان کے خلاف کسی بھی قسم کی بات قابلِ قبول نہیں۔ انہوں نے کہا کہ صرف اسی گفتگو کی اجازت دی جائے گی جو آئین اور قانون کے دائرے میں ہو۔ سردار ایاز صادق نے دوٹوک انداز میں کہا کہ اگر کوئی شخص پاکستان کے خلاف بات کرے گا تو اسے قومی اسمبلی میں اظہارِ خیال کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ وہ نہ حکومت کا حصہ ہیں اور نہ ہی اپوزیشن کا، بلکہ بطور اسپیکر آئین اور قومی اسمبلی کے قواعد و ضوابط کے مطابق اپنا غیر جانبدارانہ کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوری معاشرے میں احتجاج ہر شہری کا حق ہے، تاہم احتجاج پرامن ہونا چاہیے، اس میں آگ لگانے، جان و مال کے نقصان اور توڑ پھوڑ کی کوئی گنجائش نہیں۔ انہوں نے ڈنڈوں اور اسلحے کے استعمال کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے عناصر قانون کی بالادستی کے لیے خطرہ بنتے ہیں۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ وہ وزیرِ اعظم پاکستان سے باقاعدہ مشاورت کرتے ہیں اور وزیرِ اعظم کی جانب سے انہیں اپنے آئینی اختیارات کے استعمال میں کبھی نہیں روکا گیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ اپوزیشن سے تعلق رکھنے والا کوئی بھی رکن قومی اسمبلی پاکستان کے خلاف بات کرے گا تو اسے اجازت نہیں دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت بتدریج مضبوط ہو رہی ہے اور زرمبادلہ کے ذخائر میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے، جو معیشت کے استحکام کا واضح ثبوت ہے۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستان کے امریکا، چین، روس، ترکی اور سعودی عرب سمیت اہم دوست ممالک کے ساتھ مضبوط اور خوشگوار تعلقات قائم ہیں۔سردار ایاز صادق نے کہا کہ ہر ملک میں مافیا اور غیر قانونی عناصر موجود ہوتے ہیں، اور ان کے خلاف جدوجہد کرنا عوام اور ریاست دونوں کی مشترکہ ذمہ داری ہے تاکہ ملک کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کیا جا سکے۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ نیشنل کالج آف آرٹس ایک اعلیٰ معیار کی تعلیمی درسگاہ ہے جو قومی اور بین الاقوامی سطح پر اپنی منفرد شناخت قائم کر چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ این سی اے کے طلبہ تحقیق کے بعد تخلیقی کام کرتے ہیں جو قابلِ تحسین ہے، اور یہاں کے نوجوان ملک کا قیمتی سرمایہ ہیں جو مختلف شعبوں میں نمایاں کامیابیاں حاصل کر رہے ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More