عثمان وزیر نے بھارتی باکسر کو پہلے ہی راؤنڈ میں ناک آؤٹ کر دیا
تھائی لینڈ کے باکسنگ ایرنیا میں پاکستانی پروفیشنل باکسر عثمان وزیر نے ایک بار پھر پاکستان کا پرچم بلند کرتے ہوئے بھارتی باکسر ساہیتا دورتھی کو پہلے ہی راؤنڈ میں صرف ایک منٹ 56 سیکنڈز میں ناک آؤٹ کر دیا۔
یہ عثمان وزیر کے شاندار باکسنگ کیریئر کی 16ویں فتح ہے جس میں سے 10 مقابلے انہوں نے ناک آؤٹ کے ذریعے جیتے ہیں۔
ورلڈ سائم اسٹیڈیم میں ہونے والے اس مقابلے سے قبل بدھ کو دونوں باکسرز کے وزن کی تقریب منعقد ہوئی جہاں عثمان وزیر کو فیوریٹ قرار دیا گیا تھا۔
گزشتہ ستمبر میں بنکاک ہی میں عثمان وزیر نے بھارتی باکسر کو پہلے ہی راونڈ میں 65 ویں سیکنڈ میں ناک آوٹ کر کے عالمی اعزاز اپنے نام کیا تھا۔
25 سالہ عثمان وزیر جو ڈبلیو بی او یوتھ ورلڈ چیمپئن، ڈبلیو بی سی مڈل ایسٹ چیمپئن، اور ڈبلیو بی اے ایشین چیمپئن ہیں، اب تک اپنے تمام 16 پروفیشنل مقابلوں میں ناقابل شکست رہے ہیں۔
اس سے قبل ستمبر 2024 میں بھی انہوں نے بنکاک میں بھارتی باکسر تہلک سیلوام کو صرف 65 سیکنڈز میں ناک آؤٹ کیا تھا جو ان کی صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
فائٹ کے بعد عثمان وزیر نے اپنی جیت کو پاکستان کے عوام اور مظلوم فلسطینیوں کے نام کر دیا۔
