انگلینڈ نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے ڈی آر کانگو کو شکست دے کر پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی
فیفا ورلڈ کپ 2026 کے ناک آؤٹ مرحلے میں انگلینڈ نے شاندار کم بیک کا مظاہرہ کرتے ہوئے ڈی آر کانگو کو 1-2 سے شکست دے کر پری کوارٹر فائنل میں اپنی جگہ پکی کر لی۔
راؤنڈ آف 32 کے اس سنسنی خیز مقابلے کا آغاز ڈی آر کانگو کے حق میں ہوا، جب ساتویں منٹ میں سیپنگا نے گیند جال میں پہنچا کر اپنی ٹیم کو برتری دلا دی۔ پہلے ہاف میں انگلینڈ نے متعدد حملے کیے، تاہم قسمت نے بھی اس کا ساتھ نہ دیا۔ ایک موقع پر کپتان اور اسٹار اسٹرائیکر ہیری کین کو پنالٹی ایریا میں گرایا گیا، لیکن ریفری نے پنالٹی دینے سے انکار کر دیا، جس پر انگلش کھلاڑیوں اور شائقین نے شدید ردِعمل کا اظہار کیا۔
دوسرے ہاف میں انگلینڈ نے جارحانہ کھیل پیش کیا اور بالآخر 75ویں منٹ میں ہیری کین نے شاندار ہیڈر کے ذریعے اسکور 1-1 سے برابر کر دیا۔ مقابلہ ابھی سنبھلا ہی تھا کہ 86ویں منٹ میں ہیری کین نے ایک اور زبردست گول داغ کر انگلینڈ کو فیصلہ کن برتری دلا دی، جو آخر تک برقرار رہی۔
میچ کے اختتام پر انگلینڈ نے 1-2 سے فتح اپنے نام کرتے ہوئے فیفا ورلڈ کپ 2026 کے پری کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کر لی، جبکہ ہیری کین ایک بار پھر میچ کے سب سے بڑے ہیرو ثابت ہوئے۔
اس کامیابی کے ساتھ ہی ہیری کین نے تاریخ بھی رقم کر دی۔ انہوں نے اس میچ میں دو گول کر کے ورلڈ کپ میں اپنے مجموعی گولوں کی تعداد 13 کر لی، یوں انہوں نے برازیل کے عظیم لیجنڈ پیلے کے 12 ورلڈ کپ گولوں کا ریکارڈ پیچھے چھوڑ دیا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل پاناما کے خلاف میچ میں گول کر کے ہیری کین انگلینڈ کی جانب سے ورلڈ کپ کی تاریخ کے سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی بن چکے تھے۔ وہ انگلینڈ کے لیے 117 بین الاقوامی میچوں میں 84 گول کر کے قومی ٹیم کی تاریخ کے سب سے زیادہ گول اسکور کرنے والے فٹبالر بھی ہیں۔
