سوات میں سیاحوں سے بھری کشتی الٹ گئی، ایک ہی خاندان کے 7 افراد جاں بحق، ایک لاپتہ
کشتی الٹنے کا افسوسناک واقعہ سوات کے مشہور سیاحتی علاقے کالام میں سیف اللہ جھیل کے مقام پر پیش آیا
خیبرپختونخوا کے ضلع سوات میں واقع سیف اللہ جھیل پر سیاحوں سے بھری کشتی الٹنے کے المناک حادثے میں ایک ہی خاندان کے 7 افراد جاں بحق جبکہ ایک شخص تاحال لاپتہ ہے۔
یہ افسوسناک واقعہ بدھ کے روز سوات کے مشہور سیاحتی علاقے کالام میں پیش آیا، جہاں ایک خاندان کے افراد کشتی کے ذریعے جھیل کی سیر کر رہے تھے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق کشتی میں مجموعی طور پر 8 افراد سوار تھے، جو سیر و تفریح کی غرض سے کالام آئے تھے۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) سوات محمد عمر خان کے مطابق حادثے میں 7 افراد جان کی بازی ہار گئے، جن کی لاشیں مہوڈنڈ کے علاقے سے نکال لی گئی ہیں، جبکہ ایک شخص اب بھی لاپتہ ہے۔
ریسکیو 1122، پولیس اور مقامی رضاکار لاپتہ شخص کی تلاش میں مصروف ہیں اور سرچ آپریشن تاحال جاری ہے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔ اس پیش نظر پی ڈی ایم اے خیبرپختونخوا نے بالائی علاقوں میں شدید بارشوں، سیلابی صورتحال اور گلیشیئر پھٹنے کے خدشے کے باعث الرٹ جاری کر دیا ہے۔
الرٹ کے مطابق تمام ضلعی انتظامیہ کو ہنگامی حفاظتی اقدامات یقینی بنانے، حساس علاقوں کی نگرانی بڑھانے اور دریاؤں و ندی نالوں کے کنارے آباد آبادیوں کو ضرورت پڑنے پر محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔
