Newspulse - نیوز پلس
پاکستان، سیاست، کھیل، بزنس، تفریح، تعلیم، صحت، طرز زندگی ... کے بارے میں تازہ ترین خبریں

اسرائیل نے حزب اللہ کے سامنے گھٹنے ٹیک دیے، جنگ بندی کا اعلان

اسرائیل نے حزب اللہ کے سامنے گھٹنے ٹیک دیے، جنگ بندی کا اعلان

حزب اللہ کے حملوں میں ایک دن میں 6 اسرائیلی فوجی ہلاک اور 12 زخمی

حزب اللہ نے تصدیق کی ہے کہ لبنان میں اسرائیل کے ساتھ طے پانے والے جنگ بندی معاہدے پر عمل درآمد آج شام سے شروع ہو گیا ہے۔ عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق شدید جھڑپوں اور جانی نقصان کے بعد دونوں فریقین کے درمیان جنگ بندی مقامی وقت کے مطابق شام 4 بجے سے نافذ العمل ہو گئی۔

حزب اللہ کے دو باخبر ذرائع نے رائٹرز کو بتایا کہ تنظیم نے جنگ بندی کے آغاز کی اطلاع ملتے ہی فوری طور پر اس پر عمل درآمد شروع کر دیا ہے۔

رائٹرز کے مطابق امریکی حکام نے بھی اس پیش رفت کی تصدیق کی ہے کہ اسرائیل اور حزب اللہ جنگ بندی پر متفق ہو گئے ہیں۔ یہ معاہدہ امریکا اور قطر کی ثالثی سے طے پایا جبکہ ایران نے بھی مذاکرات میں معاون کردار ادا کیا۔

اسرائیلی فوج کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل ایفی ڈیفرین نے کہا ہے کہ اس وقت جنگ بندی نافذ ہو چکی ہے، تاہم اگر ضرورت پیش آئی تو اسرائیلی افواج دوبارہ کارروائی کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔

بی بی سی کے مطابق ایک امریکی عہدیدار نے بھی تصدیق کی ہے کہ جنگ بندی جمعہ کو مقامی وقت کے مطابق شام 4 بجے سے نافذ العمل ہوئی۔

اسی طرح ایسوسی ایٹڈ پریس، اے ایف پی اور دیگر بین الاقوامی اداروں نے بھی جنگ بندی کے آغاز کی تصدیق کی ہے، جس کا مقصد لبنان میں جاری لڑائی کو روکنا اور خطے میں کشیدگی کم کرنا ہے۔

تاہم بعض رپورٹس کے مطابق جنگ بندی اب بھی نازک صورتحال میں ہے اور دونوں فریقین ایک دوسرے پر خلاف ورزیوں کے الزامات عائد کر رہے ہیں، جس سے اس کے مستقبل پر سوالات برقرار ہیں۔

یاد رہے کہ یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب حزب اللہ کے حملوں میں چار اسرائیلی فوجی ہلاک ہوئے، جس کے بعد اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو اور سخت گیر وزرا نے سخت جوابی کارروائی کی دھمکی دی تھی۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بھی حزب اللہ کے حملوں میں اسرائیلی فوج کے 6 اہلکار ہلاک اور 12 زخمی ہوئے، جن میں سے دو کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

لبنان میں حزب اللہ کا اسرائیلی فوج کے ٹینک پر حملہ؛ بٹالین کمانڈر سمیت 4 اہلکار ہلاک

لبنان کے جنوبی علاقے کفر تبنیت میں جاری جھڑپوں کے دوران حزب اللہ نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے اسرائیلی فوج کے ایک ٹینک کو دھماکے سے تباہ کر دیا۔

عالمی خبر رساں اداروں کے مطابق اسرائیلی فوج کے ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ حملے میں ٹینک مکمل طور پر تباہ ہوا، جس کے نتیجے میں بٹالین کمانڈر سمیت 4 فوجی ہلاک ہو گئے۔

ترجمان کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں 32 سالہ لیفٹیننٹ کرنل ڈور گیدیلیا بین سیمہون بھی شامل ہیں، جو 401ویں آرمرڈ بریگیڈ کی 52ویں بٹالین کے کمانڈر تھے۔ اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ واقعے کی نوعیت اور تفصیلات کی تحقیقات جاری ہیں جبکہ باقی تین اہلکاروں کی شناخت ان کے اہل خانہ کی اجازت کے بعد جاری کی جائے گی۔

اسی علاقے میں چند گھنٹوں بعد ایک اور حملے میں حزب اللہ کے ڈرون نے اسرائیلی فوجی یونٹ کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں 5 اہلکار زخمی ہو گئے، جن میں ایک ریزرو افسر کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

دوسریجانب لبنان کی وزارتِ صحت کے مطابق جمعہ کی صبح سے جاری اسرائیلی فضائی حملوں میں کم از کم 18 افراد جاں بحق اور 33 زخمی ہوئے ہیں۔

اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اس نے جنوبی اور مشرقی لبنان میں حزب اللہ کے 80 سے زائد اہداف کو نشانہ بنایا ہے اور متعدد جنگجوؤں کو ہلاک کیا ہے۔ حزب اللہ نے بھی بیان دیا ہے کہ وہ جنوبی لبنان میں اپنی پوزیشنوں کا دفاع جاری رکھے گی۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بھی ایک اسرائیلی فوجی گاڑی بارودی سرنگ کے دھماکے میں تباہ ہو گئی تھی، جس میں ایک اہلکار ہلاک اور 7 زخمی ہوئے تھے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More