یو اے ای کو رقم واپسی، سعودی عرب اور قطر پاکستان کو 5 ارب ڈالر دیں گے، ترک میڈیا

یو اے ای کو رقم واپسی، سعودی عرب اور قطر پاکستان کو 5 ارب ڈالر دیں گے، ترک میڈیا

ترکی کی ایک خبر ایجنسی نے دعویٰ کیا ہے کہ سعودی عرب اور قطر پاکستان کو مجموعی طور پر 5 ارب ڈالر کی مالی معاونت فراہم کرنے پر آمادہ ہو گئے ہیں، جس سے قبل پاکستان متحدہ عرب امارات کو رقم کی واپسی کرے گا۔

ترک میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ روز سعودی عرب کے وزیر خزانہ اور وزیراعظم شہباز شریف کے درمیان ایک اہم ملاقات ہوئی، جس میں مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے باعث بڑھتے ہوئے بیرونی مالی دباؤ اور اخراجات پر بات چیت کی گئی۔ اس ملاقات میں سعودی عرب نے پاکستان کو مالی تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی۔

رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان نے اس موقع پر سعودی عرب سے مزید مالی معاونت کی درخواست کی، جس میں موجودہ نقد ڈپازٹس میں اضافہ اور آئل فنانسنگ فیسلٹی کی مدت میں توسیع شامل ہے۔ یہ سہولت رواں ماہ کے آخر میں ختم ہو رہی ہے۔

ترک میڈیا کے مطابق اس اہم ملاقات میں وزیر خارجہ اسحاق ڈار، فیلڈ مارشل عاصم منیر سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔ بات چیت کا مرکز معاشی تعاون اور سعودی عرب و متحدہ عرب امارات کے درمیان حالیہ تناؤ کے تناظر میں علاقائی صورتحال رہی۔

ذرائع کے حوالے سے یہ بھی دعویٰ کیا گیا ہے کہ سعودی عرب اور قطر نے پاکستان کو 5 ارب ڈالر کی مالی معاونت کی یقین دہانی کرائی ہے، جس سے پاکستان کو زرمبادلہ کے ذخائر پر دباؤ کم کرنے اور بیرونی ادائیگیوں میں سہولت ملے گی۔

ایک سینئر پاکستانی اہلکار کے مطابق پاکستان اپریل کے آخر تک متحدہ عرب امارات کو 3.5 ارب ڈالر کی ادائیگی کرے گا، کیونکہ ابوظبی نے قرض کی فوری واپسی کا مطالبہ کیا ہے۔

اس وقت پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر تقریباً 16.4 ارب ڈالر بتائے جاتے ہیں۔

پاکستانسعودی عرب -قطر- پاکستان
Comments (0)
Add Comment