کامن ویلتھ گیمز: ارشد ندیم جیولن تھرو کے فائنل میں پہنچ گئے
گلاسگو: اسکاٹ لینڈ کے شہر گلاسگو میں جاری کامن ویلتھ گیمز 2026 میں پاکستان کے اولمپک گولڈ میڈلسٹ اور عالمی شہرت یافتہ جیولن تھرو ایتھلیٹ ارشد ندیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فائنل راؤنڈ کے لیے کوالیفائی کر لیا۔
18 ایتھلیٹس کے درمیان ہونے والے سخت مقابلے میں ارشد ندیم نے مجموعی طور پر ساتویں پوزیشن حاصل کی اور کامیابی کے ساتھ فائنل میں جگہ بنالی۔
کوالیفائنگ مرحلے میں ارشد ندیم کی بہترین تھرو 78.63 میٹر رہی، جو انہوں نے اپنی پہلی کوشش میں کی۔ ان کی دوسری تھرو فاؤل قرار دی گئی، جبکہ تیسری کوشش میں انہوں نے 75.65 میٹر دور جیولن پھینکا۔
دوسری جانب بھارت کے اسٹار جیولن تھرو ایتھلیٹ نیرج چوپڑا نے بھی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 79.61 میٹر کی بہترین تھرو کے ساتھ پانچویں پوزیشن حاصل کی اور فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔ نیرج چوپڑا نے پہلی کوشش میں 76.28 میٹر جبکہ دوسری کوشش میں 79.61 میٹر کی تھرو کی۔
کامن ویلتھ گیمز 2026 کے جیولن تھرو ایونٹ کا فیصلہ کن فائنل کل رات کھیلا جائے گا، جہاں ارشد ندیم اور نیرج چوپڑا سمیت دنیا کے بہترین ایتھلیٹس طلائی تمغے کے لیے مدمقابل ہوں گے۔