پاکستان نے پہلی بار پانڈا بانڈ جاری کر دیا

پاکستان نے پہلی بار پانڈا بانڈ جاری کر دیا

اسلام آباد: پاکستان نے چین کی مقامی سرمایہ مارکیٹ میں اپنا پہلا پانڈا بانڈ کامیابی سے جاری کر دیا، جس کے ساتھ ہی پاکستان نے دنیا کی دوسری بڑی سرمایہ مارکیٹ میں باضابطہ داخلہ حاصل کر لیا۔تین سالہ مقررہ شرح سود پر مبنی یہ پانڈا بانڈ پاکستان کی جانب سے چینی کرنسی آر ایم بی میں پہلا خودمختار بانڈ ہے، جو چین کی آن شور کیپٹل مارکیٹ میں جاری کیا گیا۔

پاکستان نے 1 ارب 75 کروڑ آر ایم بی مالیت کا پانڈا بانڈ جاری کیا، جس کی مالیت تقریباً 25 کروڑ امریکی ڈالر بنتی ہے۔پانڈا بانڈ کیلئے سرمایہ کاروں کی جانب سے غیر معمولی دلچسپی دیکھنے میں آئی، اور 8 ارب 80 کروڑ آر ایم بی سے زائد کی بولیاں موصول ہوئیں، جو ہدف سے پانچ گنا زیادہ رہیں۔ماہرین نے پاکستان کی معیشت پر عالمی سرمایہ کاروں کے بڑھتے اعتماد کا اظہار قرار دیا ہے۔

زیادہ طلب کے باعث پاکستان کو صرف 2 اعشاریہ 5 فیصد شرح سود پر فنڈز حاصل ہوئے، جو ملکی معیشت میں استحکام، بہتر مالی نظم و ضبط اور قرض واپسی کی صلاحیت پر سرمایہ کاروں کے اعتماد کی عکاسی کرتا ہے۔

 

پانڈا بانڈ کا کامیاب اجرا تاریخی کامیابی ہے، وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب
وفاقی وزیرِ خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے پاکستان کے پہلے پانڈا بانڈ کے کامیاب اجرا کو ملک کی اقتصادی و مالیاتی تاریخ کی ایک تاریخی کامیابی قرار دیا ہے۔ بیجنگ سے اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پانڈا بانڈ کے اجرا کو عالمی سرمایہ کاروں کی جانب سے غیرمعمولی پذیرائی حاصل ہوئی ہے، جو پاکستان کی معاشی تبدیلی، اصلاحاتی عمل اور خودمختار مالی ساکھ پر بڑھتے ہوئے عالمی اعتماد کا مظہر ہے۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ پانڈا بانڈ کا کامیاب اجرا پاکستان کی عالمی مالیاتی منڈیوں میں مضبوط واپسی کا واضح اشارہ ہے اور یہ کامیابی عالمی اقتصادی و مالیاتی روابط کے ایک نئے باب کا آغاز ثابت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی اقتصادی اصلاحات اور پالیسی اقدامات نے بین الاقوامی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کیا ہے، جبکہ عالمی سرمایہ کاروں کا مثبت ردعمل پاکستان کی معاشی تبدیلی کے اعتراف کے مترادف ہے۔
سینیٹر محمد اورنگزیب نے مزید کہا کہ پانڈا بانڈ اجرا پاکستان کے اقتصادی سفر میں ایک اہم سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے، جس سے نہ صرف عالمی مالیاتی منڈیوں میں پاکستان کی پوزیشن مستحکم ہوئی ہے بلکہ مستقبل میں بین الاقوامی سرمایہ کاری اور مالی تعاون کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی اصلاحاتی رفتار نے عالمی سرمایہ کاروں کو متوجہ کیا ہے اور یہ کامیابی حکومت کی معاشی پالیسیوں پر عالمی اعتماد کا واضح ثبوت ہے۔

پاکستان - پانڈا بانڈ
Comments (0)
Add Comment