ون ڈے ویمن انٹرنیشنل؛ پاکستان نے زمبابوے کو وائٹ واش کر کے سیریز جیت لی
ٹیم مینٹور اور ہیڈ کوچ نے پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی فتح مسلح افواج کے نام کر دی
پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم نے زمبابوے کو تیسرے ون ڈے میچ میں 9 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز 0-3 سے کلین سویپ کر لی۔ اس کامیابی کے ساتھ پاکستان نے نہ صرف ٹرافی اپنے نام کی بلکہ آئی سی سی ویمنز ون ڈے انٹرنیشنل چیمپئن شپ کے 6 اہم پوائنٹس بھی حاصل کیے۔
نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے اس میچ میں زمبابوے نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 222 رنز بنائے۔ بیلوفڈ بیزا نے 73 رنز کی عمدہ اننگ کھیلی جبکہ کیلس نے 51، کپتان نومویلو سنانڈا نے 35 اور ایڈل نے 23 رنز اسکور کیے۔ پاکستان کی جانب سے تسمیہ ارباب نے 49 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ سیدہ عروب شاہ اور عائشہ ظفر نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ مومنہ ریاست نے ایک وکٹ لی۔
پاکستان نے ہدف کا تعاقب انتہائی شاندار انداز میں شروع کیا اور اوپنرز گل فیروزہ اور صدف شمس نے پہلی وکٹ کے لیے 220 رنز کی یادگار شراکت قائم کی۔ یہ شراکت 31.3 اوورز میں اس وقت ٹوٹی جب صدف شمس 98 گیندوں پر 13 چوکوں کی مدد سے 90 رنز بنا کر آؤٹ ہوئیں۔ اس کے فوراً بعد پاکستان نے 2 گیندوں کے اندر ہدف حاصل کر لیا۔
گل فیروزہ 92 گیندوں پر 16 چوکوں کی مدد سے 106 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہیں جبکہ منیبہ علی 4 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہیں۔ گل فیروزہ نے ایک بار پھر تاریخ رقم کرتے ہوئے 83 گیندوں پر سنچری بنا کر پاکستان کی جانب سے خواتین ون ڈے میں تیز ترین سنچری کا ریکارڈ قائم کیا۔ اس سے پہلے انہوں نے گزشتہ میچ میں 93 گیندوں پر سنچری بنا کر بھی نیا ریکارڈ قائم کیا تھا اور سدرہ امین کا پرانا ریکارڈ توڑا تھا۔
پاکستان نے سیریز کے پہلے میچ میں 168 رنز اور دوسرے میچ میں 206 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی، یوں تینوں میچز میں یکطرفہ کارکردگی دکھاتے ہوئے شاندار کلین سویپ مکمل کیا۔