وزیراعظم اور فیلڈ مارشل سے انتونیو گوتریس کی ملاقات، اقوام متحدہ کے امن مشنز میں پاکستان اور پاک فوج کی قربانیوں اور خدمات کو خراج تحسین

وزیراعظم اور فیلڈ مارشل سے انتونیو گوتریس کی ملاقات، اقوام متحدہ کے امن مشنز میں پاکستان اور پاک فوج کی قربانیوں اور خدمات کو خراج تحسین

اقوام متحدہ کے امن مشنز میں پاکستان کی خدمات کو خراج تحسین، علاقائی تنازعات کے پرامن حل کی حمایت

  

وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتریس علیحدہ علیحدہ  ملاقات کی ۔ انتونیو گوتریس نے اقوام متحدہ کے امن مشنز میں پاکستان اور پاک فوج کی قربانیوں اور خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔

  

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے مکالمے، مذاکرات اور تنازعات کے پرامن حل کے لیے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کے اصولی عزم کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ عالمی چیلنجز کے تناظر میں اقوام متحدہ کے مؤثر کردار کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے اسلام آباد میں وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی، جس میں عالمی و علاقائی صورتحال، کثیرالجہتی نظام اور اقوام متحدہ کے کردار سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم نے مکالمے اور تنازعات کے پرامن حل کے لیے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کے اصولی عزم کو سراہا۔ انہوں نے مؤثر، جامع اور نمائندہ اقوام متحدہ کے لیے پاکستان کے پختہ عزم کا بھی اعادہ کیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ موجودہ دور میں کثیرالجہتی نظام کو متعدد اہم چیلنجز درپیش ہیں، جن کے باعث عالمی امن و سلامتی کے فروغ اور تنازعات کے حل میں اقوام متحدہ کا مؤثر کردار پہلے سے زیادہ اہم ہو گیا ہے۔

وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ اقوام متحدہ میں اصلاحات کا عمل ترقی پذیر ممالک کی ترجیحات، مفادات اور ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے آگے بڑھایا جانا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک مضبوط، مؤثر، جامع اور نمائندہ کثیرالجہتی نظام کی حمایت جاری رکھے گا اور عالمی امن، سلامتی اور پائیدار ترقی کے لیے اقوام متحدہ کے ساتھ تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے۔

  

فیلڈ مارشل سے انتونیو گوتریس کی ملاقات: سکیورٹی، کشمیر اور سندھ طاس معاہدے پر تبادلہ خیال

  

 اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی، جس میں علاقائی امن و استحکام، مسئلہ کشمیر، سندھ طاس معاہدے اور افغانستان سے درپیش دہشت گردی سمیت عالمی و علاقائی سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی کا دورہ کیا، جہاں ان کی آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، خطے کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال اور عالمی امن و سلامتی کے فروغ میں اقوام متحدہ کے کردار پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران علاقائی استحکام، مسئلہ کشمیر، بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے پر عملدرآمد روکنے کے معاملے اور افغانستان سے پاکستان کو درپیش دہشت گردی کے خطرات پر بھی گفتگو ہوئی۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے عالمی امن و سلامتی کے لیے پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے امن مشنز میں پاکستان کے کردار اور پاک فوج کی خدمات کو اجاگر کیا۔

آرمی چیف نے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کی قیادت میں امن، استحکام اور انسانی تعاون کے فروغ کے لیے اقوام متحدہ کے کردار کو بھی سراہا۔

اس موقع پر اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے دہشت گردی کے خلاف جنگ اور اقوام متحدہ کے امن مشنز میں پاکستان اور پاک فوج کی قربانیوں اور خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے عالمی امن و سلامتی کے لیے پاکستان کے مسلسل عزم کو سراہتے ہوئے علاقائی تنازعات کے پرامن حل کے لیے پاکستان کی کوششوں کی خصوصی طور پر تعریف کی۔

 

 

اقوام متحدہانتونیو گوتریسپاکستان - اقوام متحدہ
Comments (0)
Add Comment