نائب وزیراعظم اور ایرانی وزیر خارجہ کا ٹیلی فونک رابطہ،خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال پر تبادلۂ خیال
اسلام آباد: نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور ایران کے وزیرِ خارجہ سید عباس عراقچی کے درمیان ٹیلیفون پر رابطہ ہوا، جس میں خطے کی تازہ صورتحال اور امن و استحکام سے متعلق امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق اسحاق ڈار نے فریقین پر زور دیا کہ وہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت (MoU) میں طے پانے والے اتفاقِ رائے کے مطابق کشیدگی میں کمی لانے اور تحمل و بردباری کا مظاہرہ کریں۔
انہوں نے کہا کہ علاقائی تنازعات کے پائیدار حل اور امن و استحکام کے قیام کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری ہی واحد مؤثر اور قابلِ عمل راستہ ہیں۔
ترجمان کے مطابق نائب وزیرِ اعظم نے خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کے تعمیری کردار کو جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا، جبکہ دونوں وزرائے خارجہ نے باہمی رابطے برقرار رکھنے اور علاقائی پیش رفت پر مشاورت جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔