مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی: پاکستان کی سعودی عرب سے غیرمتزلزل یکجہتی، حوثیوں کی دھمکیوں کی شدید مذمت

مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی: پاکستان کی سعودی عرب سے غیرمتزلزل یکجہتی، حوثیوں کی دھمکیوں کی شدید مذمت

پاکستان کا افغانستان میں دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہوں پر تشویش، عالمی برادری سے طالبان کو جواب دہ ٹھہرانے کا مطالبہ

اسلام آباد ( خاور عباس شاہ) پاکستان نے مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے تناظر میں سعودی عرب کو تنازع میں گھسیٹنے کی کوششوں پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے برادر ملک کی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے اپنی غیرمتزلزل حمایت کا اعادہ کیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی نے ہفتہ وار بریفنگ کے دوران کہا کہ پاکستان حوثیوں کی جانب سے سعودی عرب اور بحرِ احمر میں تجارتی جہازوں کو دی جانے والی دھمکیوں کی سخت مذمت کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تجارتی جہازوں کو نشانہ بنانے یا دھمکیاں دینے سے نہ صرف علاقائی امن و استحکام بلکہ عالمی تجارت بھی شدید خطرات سے دوچار ہو سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے بحری مفادات اور بین الاقوامی تجارتی راستوں کے تحفظ کے لیے پُرعزم ہے اور مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔ ترجمان نے تمام فریقوں پر زور دیا کہ وہ تحمل اور ذمہ داری کا مظاہرہ کریں، جبکہ پاکستان خطے میں امن کے قیام کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری پر مبنی کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا۔

افغانستان کی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے طاہر اندرابی نے کہا کہ افغان طالبان کی حکومت دہشت گرد تنظیموں کی سرپرستی کر رہی ہے اور افغانستان میں دہشت گردوں کے محفوظ ٹھکانے اب بھی موجود ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گرد عناصر کی پشت پناہی سے نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کے امن و استحکام کو خطرات لاحق ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ دہشت گردی کے مختلف واقعات میں ہزاروں پاکستانی شہری اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر چکے ہیں، اس لیے عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ دہشت گردوں کی سرپرستی کے معاملے پر افغان طالبان کو جواب دہ ٹھہرائے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ ایران کے وزیر داخلہ نے اپنے حالیہ دورۂ پاکستان کے دوران وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقاتیں کیں، جن میں باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے آسیان ریجنل فورم کے موقع پر مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ سے ملاقاتیں کیں، جن میں مشرقِ وسطیٰ میں امن کے قیام، کشیدگی میں کمی اور سفارتی حل کی ضرورت پر زور دیا گیا۔

ترجمان کے مطابق اسحاق ڈار نے روسی وزیر خارجہ سے بھی ملاقات کی، جس میں پاکستان اور روس کے درمیان دوطرفہ تعلقات، اقتصادی تعاون، علاقائی روابط اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔

طاہر اندرابی نے بتایا کہ کینیڈا کی وزیر خارجہ انیتا آنند نے بھی حال ہی میں پاکستان کا اہم دورہ کیا، جس کے دوران پاکستانی قیادت سے ملاقاتوں میں تجارت، سرمایہ کاری، سکیورٹی اور دیگر شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ دونوں ممالک نے باہمی تعلقات کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا۔

ترجمان دفتر خارجہ - طاہر حسین اندرابیمشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی
Comments (0)
Add Comment