صاحبزادہ فرحان کو کپتانی مل گئی، شاہین آفریدی پر بھی اعتماد برقرار

صاحبزادہ فرحان کو کپتانی مل گئی، شاہین آفریدی پر بھی اعتماد برقرار

پاکستان کے ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے اسکواڈز کا اعلان، راولپنڈی میں 9 اکتوبر سے کرکٹ کا میلہ سجے گا

لاہور: (نیوز پلس) پاکستان کرکٹ بورڈ نے سری لنکا کے خلاف تین ٹی ٹوئنٹی میچز اور پاکستان، سری لنکا و انگلینڈ پر مشتمل سات میچز کی سہ فریقی ون ڈے سیریز کے لیے قومی اسکواڈز کا اعلان کردیا۔ مختصر ترین فارمیٹ میں صاحبزادہ فرحان کو قیادت سونپی گئی ہے جبکہ ون ڈے ٹیم کی کپتانی شاہین شاہ آفریدی ہی کریں گے۔

سری لنکا کے خلاف تین ٹی ٹوئنٹی میچز کے لیے 15 رکنی قومی اسکواڈ کا اعلان کیا گیا ہے۔ صاحبزادہ فرحان کو سلمان علی آغا کی جگہ ٹی ٹوئنٹی ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان تینوں ٹی ٹوئنٹی میچز راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔ سیریز کا پہلا میچ 9 اکتوبر، دوسرا 11 اکتوبر جبکہ تیسرا ٹی ٹوئنٹی 13 اکتوبر کو ہوگا۔

ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں کپتان صاحبزادہ فرحان کے علاوہ عبدالصمد، ابرار احمد، عرفات منہاس، فخر زمان، حسن نواز اور محمد عمران رندھاوا شامل ہیں۔ وکٹ کیپر خواجہ نافع بھی اسکواڈ کا حصہ ہوں گے، جبکہ معاذ صداقت، نسیم شاہ اور صائم ایوب کو بھی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

نوجوان رضا اللہ کو بھی ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں جگہ دی گئی ہے، جبکہ محمد سلمان مرزا، شاداب خان اور سفیان مقیم بھی قومی ٹیم کا حصہ ہوں گے۔

دوسری جانب پاکستان، انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان سات میچز پر مشتمل سہ فریقی ون ڈے سیریز کے لیے 16 رکنی قومی اسکواڈ کا اعلان کیا گیا ہے۔ شاہین شاہ آفریدی کو ون ڈے ٹیم کی قیادت برقرار رکھی گئی ہے۔

ون ڈے اسکواڈ میں شاہین شاہ آفریدی کے علاوہ ابرار احمد، سلمان علی آغا، عرفات منہاس، بابر اعظم، فہیم اشرف، فخر زمان، محمد غازی غوری اور حارث رؤف شامل ہیں۔ حسن نواز، نسیم شاہ، رضا اللہ، سعد بیگ، صائم ایوب، شاداب خان اور سفیان مقیم بھی ون ڈے اسکواڈ کا حصہ ہوں گے۔

سہ فریقی ون ڈے سیریز کے ابتدائی تین میچز راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے، جبکہ دیگر لیگ میچز اور فائنل لاہور میں منعقد ہوں گے۔ سیریز میں پاکستان کے ساتھ سری لنکا اور انگلینڈ کی ٹیمیں بھی ایکشن میں ہوں گی، جس کے باعث قومی ٹیم کو مختصر فارمیٹ میں مسلسل سخت مقابلوں کا سامنا کرنا ہوگا۔

قومی ٹیم کی مینجمنٹ میں مائیک ہیسن ہیڈ کوچ، شان ٹیٹ بولنگ کوچ اور مائیکل اسمتھ بیٹنگ کوچ کی ذمہ داریاں انجام دیں گے، جبکہ منصور امجد کو فیلڈنگ کوچ مقرر کیا گیا ہے۔ نوید اکرم چیمہ پاکستان ٹیم کے منیجر ہوں گے۔

راولپنڈی میں شیڈول میچز کے لیے شفقت شبیر جبکہ لاہور میں ہونے والے مقابلوں کے لیے سید نذیر احمد میڈیا منیجر کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔ کرنل عثمان انواری کو سیکیورٹی منیجر جبکہ ڈاکٹر واجد علی رفاعی کو قومی ٹیم کا ڈاکٹر مقرر کیا گیا ہے۔

ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں صاحبزادہ فرحان کو قیادت سونپنے کا فیصلہ قومی ٹیم میں نئی قیادت کے تجربے کی جانب اہم قدم قرار دیا جارہا ہے، جبکہ ون ڈے میں شاہین شاہ آفریدی پر اعتماد برقرار رکھتے ہوئے انہیں ایک بار پھر ٹیم کی قیادت سونپی گئی ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈصاحبزادہ فرحان - صاحبزادہ فرحان
Comments (0)
Add Comment