محسن نقوی کی ایران کے وزیرخارجہ عباس عراقچی سے اہم ملاقات، سپریم لیڈر کیلئے خصوصی خط پہنچایا
تہران: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے دورۂ ایران کے دوران ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے اہم ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات، خطے کی صورتحال اور باہمی تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایرانی خبر ایجنسی کے مطابق یہ ملاقات تہران میں ہوئی جہاں دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ایران کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ ملاقات کے دوران سکیورٹی، سرحدی تعاون، تجارت اور خطے میں امن و استحکام سے متعلق امور بھی زیر بحث آئے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کو ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کیلئے ایک خصوصی خط بھی پہنچایا۔ ذرائع کے مطابق خط میں پاک ایران تعلقات، باہمی تعاون اور اہم علاقائی معاملات سے متعلق پیغام شامل ہے۔
ملاقات میں دونوں ممالک کے اعلیٰ حکام بھی شریک تھے جبکہ فریقین نے پاکستان اور ایران کے درمیان سفارتی روابط کو مزید مؤثر بنانے اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے پاکستان کے ساتھ تعلقات کو خطے کے استحکام کیلئے اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مزید وسعت دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان اور ایران کے درمیان حالیہ عرصے میں اعلیٰ سطحی رابطوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، اور دونوں ممالک تجارت، توانائی اور سکیورٹی سمیت مختلف شعبوں میں قریبی تعاون کے خواہاں ہیں۔