فیلڈ مارشل عاصم منیر کی ترک صدر سے ملاقات، پاک ترک دفاعی تعاون اور علاقائی سلامتی پر تبادلۂ خیال
انقرہ: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ترک صدر رجب طیب اردوان سے انقرہ میں اہم ملاقات کی، جس میں پاکستان اور ترکیے کے درمیان دفاعی تعاون، دفاعی صنعت میں اشتراک، علاقائی سلامتی، مشرق وسطیٰ کی تازہ صورتحال اور دوطرفہ اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے سے متعلق امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ترک ایوانِ صدر کے مطابق ملاقات انقرہ ایئرپورٹ پر اس وقت ہوئی جب صدر اردوان قطر کے سرکاری دورے پر روانگی کی تیاری کر رہے تھے۔ ملاقات بند کمرے میں ہوئی، جس میں ترکیے کے نائب صدر جودت یلماز، چیف آف جنرل اسٹاف جنرل سلچوق بائراکتاراوغلو اور قومی انٹیلی جنس ادارے (MİT) کے سربراہ ابراہیم قالن بھی شریک تھے۔
ترک حکام نے ملاقات کی تفصیلات جاری نہیں کیں، تاہم سفارتی اور دفاعی ذرائع کے مطابق دونوں رہنماؤں نے دفاعی تعاون کے فروغ، دفاعی پیداوار، علاقائی امن و استحکام، مشرق وسطیٰ کی بدلتی ہوئی صورتحال اور پاکستان و ترکیے کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید وسعت دینے کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا۔
یہ ملاقات ایسے موقع پر ہوئی ہے جب پاکستان اور ترکیے کے درمیان دفاعی تعلقات مسلسل وسعت اختیار کر رہے ہیں۔ دونوں ممالک مشترکہ فوجی مشقوں، دفاعی پیداوار، ڈرون ٹیکنالوجی، بحری منصوبوں، عسکری تربیت اور دفاعی صنعت کے مختلف شعبوں میں قریبی تعاون جاری رکھے ہوئے ہیں۔
اس سے ایک روز قبل فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ترک چیف آف جنرل اسٹاف جنرل سلچوق بائراکتاراوغلو سے بھی ملاقات کی تھی، جس کے دوران انہیں ترکیے کی مسلح افواج کے اعلیٰ فوجی اعزاز سے نوازا گیا۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون، فوجی روابط اور پیشہ ورانہ اشتراک کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
دفاعی و سفارتی مبصرین کے مطابق صدر اردوان اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی ملاقات پاکستان اور ترکیے کے مضبوط اور دیرینہ برادرانہ تعلقات کی عکاس ہے اور اس سے دونوں ممالک کے درمیان دفاعی شراکت داری، علاقائی امن و استحکام اور اسٹریٹجک تعاون کو مزید تقویت ملنے کی توقع ہے۔