سدھو موسے والا کا نیا گانا ریلیز سے پہلے ہی چھا گیا، صرف دو منٹ میں ٹیزر کے لاکھوں ویوز

سدھو موسے والا کا نیا گانا ریلیز سے پہلے ہی  چھا  گیا، صرف دو  منٹ میں ٹیزر کے لاکھوں ویوز

صرف 34 سیکنڈ کے اس ٹیزر میں ایکشن اور سنسنی سے بھرپور مناظر دکھائے گئے ہیں

بھارتی پنجاب کے معروف اور مرحوم گلوکار سدھو موسے والا ایک بار پھر اپنے مداحوں کے دلوں میں زندہ ہوگئے ہیں، جب ان کے نئے گانے "Eyes On Me” کا ٹیزر جاری ہوتے ہی سوشل میڈیا پر ہلچل مچ گئی۔

کافی عرصے سے اس گانے کا بے چینی سے انتظار کیا جا رہا تھا، اور جیسے ہی ٹیزر ریلیز ہوا، مداحوں نے اسے بھرپور پذیرائی دی۔ رپورٹس کے مطابق محض دو منٹ کے اندر یوٹیوب پر اس ٹیزر نے ایک لاکھ بیس ہزار سے زائد ویوز حاصل کر لیے، جبکہ انسٹاگرام پر بھی اسے ہزاروں لائیکس ملے۔ صرف تین دن میں اس ویڈیو کو 31 لاکھ سے زائد بار دیکھا جا چکا ہے۔

34 سیکنڈ پر مشتمل اس ٹیزر میں ایکشن اور سنسنی سے بھرپور مناظر دکھائے گئے ہیں، جنہوں نے شائقین کی دلچسپی کو مزید بڑھا دیا ہے۔ ویڈیو کا آغاز ایک نقاب پوش شخص سے ہوتا ہے جو ہاتھ میں پستول لیے پنجاب کے نقشے پر ضلع مانسا کی نشاندہی کرتا ہے۔ بعد ازاں سدھو موسے والا کو جیپ چلاتے اور مخالفین کا سامنا کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے، جہاں وہ خود کو بچانے کے لیے فائرنگ کرتے نظر آتے ہیں۔

ٹیزر میں شامل ایک مکالمہ خاص طور پر توجہ کا مرکز بنا:

"منڈا بلیک کیٹ تیری، تیرے گولی مروا دوں گی۔”

ذرائع کے مطابق اس گانے میں ممکنہ طور پر گلوکار کے قتل اور اس سے قبل ہونے والی مبینہ سازشوں کی جھلک بھی پیش کی گئی ہے، جس کے باعث اس کی اہمیت میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔

یاد رہے کہ سدھو موسے والا کی سابقہ میوزک ویڈیوز بھی عالمی سطح پر غیر معمولی مقبولیت حاصل کر چکی ہیں، جن میں سے ایک ویڈیو پر ایک کروڑ سے زائد کمنٹس بھی ریکارڈ کیے گئے تھے۔

ان کے انتقال کے بعد اب تک ان کی ٹیم 12 گانے ریلیز کر چکی ہے، جنہیں مداحوں کی جانب سے بھرپور پذیرائی ملی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ایک منفرد ہولوگرام ورلڈ ٹور کی تیاری بھی جاری ہے، جس کے تحت جدید تھری ڈی ٹیکنالوجی کے ذریعے سدھو موسے والا کو اسٹیج پر دوبارہ پیش کیا جائے گا۔

متوقع طور پر اس ٹور میں امریکا، کینیڈا، برطانیہ، متحدہ عرب امارات، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ سمیت کئی ممالک شامل ہوں گے۔

واضح رہے کہ سدھو موسے والا کو 29 مئی 2022 کو بھارتی پنجاب کے ضلع مانسا میں فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا تھا، تاہم ان کی موسیقی آج بھی مداحوں کے دلوں میں زندہ ہے اور ہر نئی ریلیز کے ساتھ ان کی مقبولیت میں مزید اضافہ ہو رہا ہے۔

سدھو موسے والا
Comments (0)
Add Comment