خیبر پختونخوا: بنوں میں فورسز کے قافلے پر حملہ ناکام، 5 دہشت گرد ہلاک۔ لیفٹیننٹ کرنل سمیت 2 جوان شہید
بارود سے بھری گاڑی پر سوار خودکش بمبار کو سیکیورٹی فورسز نے بروقت روک کر اسے مذموم عزائم کو ناکام بنا دیا
خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے اپنے قافلے پر ہونے والا حملہ ناکام بنا دیا۔ اس دوران پانچ دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے، جبکہ لیفٹیننٹ کرنل سمیت دو اہلکار شہید ہو گئے۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق 21 فروری کو بنوں میں آپریشن اس اطلاع پر کیا گیا کہ علاقے میں خودکش بمبار اور مسلح عناصر موجود ہیں۔ کارروائی کے دوران سیکیورٹی فورسز کے قافلے کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی۔
بیان میں کہا گیا کہ بارود سے بھری گاڑی میں سوار خودکش بمبار کو اگلے دستے نے بروقت روک کر اس کے عزائم ناکام بنا دیے۔ حکام کے مطابق حملے کا مقصد بنوں شہر میں شہریوں اور قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کو نشانہ بنانا تھا۔
فوج کے ترجمان نے بتایا کہ آپریشن کے دوران شدت پسندوں کے ٹھکانوں کا سراغ لگا کر فائرنگ کے تبادلے میں پانچ دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا۔ تاہم حملے کے دوران بارودی مواد سے بھری گاڑی ایک فوجی گاڑی سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں لیفٹیننٹ کرنل شہزادہ گل فراز اور سپاہی کرامت شاہ شہید ہو گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق لیفٹیننٹ کرنل شہزادہ گل فراز اپنی جرات مندانہ قیادت کے لیے جانے جاتے تھے اور اگلے مورچوں سے دستوں کی قیادت کر رہے تھے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کارروائیاں جاری رکھیں گی اور شہداء کی قربانیاں قومی عزم کو مزید مضبوط بناتی ہیں۔