ایران کا میزائل حملوں میں 500 امریکی فوجی ہلاک اور ایک ایف-16 طیارہ تباہ کرنے کا دعویٰ
تہران: ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ حالیہ حملوں میں 500 امریکی فوجی ہلاک یا زخمی ہوئے، جبکہ جنوبی فارس میں ایک امریکی ایف-16 جنگی طیارے کو بھی نشانہ بنایا گیا۔
ایرانی بیان کے مطابق یہ طیارہ سعودی عرب کے ایک ایئربیس تک پہنچنے سے پہلے ہی تباہ ہو گیا، تاہم اس دعوے کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی۔
پاسدارانِ انقلاب کا کہنا ہے کہ انہوں نے مقبوضہ فلسطین سمیت خطے میں امریکی اور اسرائیلی صنعتی مراکز کو نشانہ بنایا۔ ایرانی حکام کے مطابق یہ کارروائیاں موجودہ کشیدگی کے پس منظر میں کی گئیں۔
ادھر ختم الانبیاء ہیڈکوارٹر نے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیلی شہر حیفا میں ایک اہم الیکٹرانک وارفیئر سینٹر کو نشانہ بنایا گیا، جبکہ بن گوریون ایئرپورٹ کے قریب ایندھن کے ذخائر پر بھی حملہ کیا گیا۔
ایرانی فوجی قیادت نے خبردار کیا ہے کہ اگر ایرانی صنعتی تنصیبات کو مزید نشانہ بنایا گیا تو اس کے نتائج نہایت سنگین ہوں گے۔ ماہرین کے مطابق ایسے بیانات خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور ممکنہ بڑے تصادم کی طرف اشارہ کرتے ہیں۔