ایران پر کسی بھی طرح کے حملوں میں شامل نہیں ہوں گے، متحدہ عرب امارات
ہم اس تنازعے میں کسی بھی طرح شامل نہیں ہونا چاہتے۔ جمال المشرخ
جنیوا: متحدہ عرب امارات نے کہا ہے کہ وہ مشرق وسطیٰ کی موجودہ جنگ میں ایران کے خلاف کسی بھی طرح کے حملوں میں شامل نہیں ہو گا ۔ جرمن نشریاتی ادارے ڈی ڈبلیو کے مطابق یہ بات جنیوا میں اقوام متحدہ کے لیےمتحدہ عرب امارات کے سفیر جمال المشرخ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا موقف پہلے بھی اس بارے میں بہت واضح تھا اور ان حالات میں بھی جب صورت حال اپنی موجودہ پوزیشن کی طرف بڑھ رہی تھی کہ متحدہ عرب امارات ایران کے خلاف اپنے ریاستی علاقے سے کیے جانے والے کسی بھی حملے میں شامل نہیں ہو گا اور یہ کہ ہم اس تنازعے میں کسی بھی طرح شامل نہیں ہونا چاہتے۔
سوئٹزرلینڈ کے شہر جنیوا میں اقوام متحدہ کے یورپی صدر دفاتر سےگزشتہ روز موصول ہونے والی رپورٹس کے مطابق متحدہ عرب امارات نے گزشتہ روز اس امر کی مذمت کی کہ امریکا اور اسرائیل کے ایران پر فضائی حملوں کے ساتھ شروع ہونے والی جنگ میں تہران کی طرف سے کیے جانے والے جوابی حملوں میں یو اے ای کو بلاوجہ نشانہ بنایا جا رہا ہے، تاہم یہ بات طے ہے کہ متحدہ عرب امارات خطے میں اس تازہ ترین جنگ میں ایران کے خلاف کیے جانے والے حملوں میں کسی بھی طرح شامل نہیں ہو گا۔
بشکریہ: اے پی پی