ایران نے اگر غلط فیصلہ کیا اور معاہدہ نہ کیا تو امریکی افواج دوبارہ جنگی کارروائیاں کرنےکیلئے مکمل طور پر تیار ہیں، امریکی وزیر جنگ

ایران نے اگر غلط فیصلہ کیا اور معاہدہ نہ کیا تو امریکی افواج دوبارہ جنگی کارروائیاں کرنےکیلئے مکمل طور پر تیار ہیں، امریکی وزیر جنگ  

واشنگٹن: پیٹ ہیگستھ نے ایران کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسے اپنے فیصلے انتہائی دانشمندی سے کرنے ہوں گے، بصورت دیگر امریکا دوبارہ فوجی کارروائی کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔

واشنگٹن میں پریس بریفنگ کے دوران پیٹ ہیگستھ کا کہنا تھا کہ ایران کو اچھی طرح علم ہونا چاہیے کہ امریکا کی عسکری صلاحیتوں کا کوئی مقابلہ نہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ امریکا آج بھی پہلے کی طرح مضبوط ہے اور ایران کے پاس آبنائے ہرمز کو کنٹرول کرنے کی مؤثر بحری طاقت موجود نہیں۔

امریکی وزیر دفاع نے مزید کہا کہ اگر ایران نے معاہدہ نہ کیا تو امریکا حملے کے لیے تیار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا ایران کی عسکری سرگرمیوں پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے اور اسے معلوم ہے کہ ایران کون سے فوجی اثاثے منتقل کر رہا ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ایران تباہ شدہ میزائل لانچرز کو دوبارہ فعال کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

پیٹ ہیگستھ کے مطابق امریکا پہلے سے زیادہ طاقت کے ساتھ اپنی تیاری جاری رکھے ہوئے ہے اور ایران کو واضح پیغام دیا گیا ہے کہ وہ کسی بھی صورت جوہری ہتھیار حاصل نہیں کر سکتا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایران کا آبنائے ہرمز پر کنٹرول کا دعویٰ درست نہیں، اور تجارتی جہازوں کو نشانہ بنانے کی دھمکیاں دراصل بحری قزاقی کے مترادف ہیں۔ ان کے مطابق اس اہم گزرگاہ میں بحری آمدورفت پر امریکی بحریہ کا کنٹرول ہے اور ضرورت پڑنے پر ناکہ بندی برقرار رکھی جائے گی۔

امریکی وزیر دفاع نے امید ظاہر کی کہ ایران ایسا معاہدہ کرے گا جو اس کے لیے قابلِ قبول ہو۔

امریکا- وزیر دفاع - پیٹ ہیگستھایران - امریکا - اسرائیل - جنگ
Comments (0)
Add Comment