Newspulse - نیوز پلس
پاکستان، سیاست، کھیل، بزنس، تفریح، تعلیم، صحت، طرز زندگی ... کے بارے میں تازہ ترین خبریں

امریکی جریدے کی پاکستان کے ڈیجیٹل وژن کی تعریف، عالمی ڈیجیٹل مالیاتی نظام میں مؤثر کردار ادا کرنے پر زور

امریکی جریدے کی پاکستان کے ڈیجیٹل وژن کی تعریف، عالمی ڈیجیٹل مالیاتی نظام میں مؤثر کردار ادا کرنے پر زور

اگر اصلاحات کا یہی تسلسل برقرار رہا تو ملک خطے میں ڈیجیٹل معیشت کا اہم مرکز بن سکتا ہے۔جریدہ

اسلام آباد: امریکی جریدے آئی بی ٹی (IBT) نے پاکستان میں ڈیجیٹل معیشت اور مالیاتی نظام کی ترقی کے لیے جاری حکومتی اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان تیزی سے عالمی ڈیجیٹل مالیاتی نظام میں اپنی جگہ مضبوط بنا رہا ہے اور اگر اصلاحات کا یہی تسلسل برقرار رہا تو ملک خطے میں ڈیجیٹل معیشت کا اہم مرکز بن سکتا ہے۔

جریدے میں شائع ہونے والے ایک تجزیاتی مضمون میں پاکستان کے ڈیجیٹل تبدیلی کے سفر کو مستقبل کی معاشی ترقی کے لیے اہم قرار دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ دنیا ایک ایسے دور میں داخل ہو چکی ہے جہاں معاشی طاقت کا انحصار صرف روایتی وسائل پر نہیں بلکہ جدید ٹیکنالوجی، ڈیجیٹل انفرااسٹرکچر اور تیز رفتار پالیسی سازی پر بھی ہے۔

آرٹیکل میں پاکستان کرپٹو کونسل (PCC) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اور وزیراعظم کے معاون برائے ڈیجیٹل اثاثہ جات و بلاک چین بلال بن ثاقب کے وژن کو سراہتے ہوئے کہا گیا ہے کہ انہوں نے پاکستان کو عالمی ڈیجیٹل مالیاتی نظام سے ہم آہنگ کرنے کے لیے ایک واضح سمت فراہم کی ہے۔ مضمون کے مطابق پاکستان کے لیے ضروری ہے کہ وہ جدید مالیاتی ٹیکنالوجی، بلاک چین اور ڈیجیٹل اثاثوں کے شعبے میں فعال کردار ادا کرے تاکہ عالمی معیشت میں اپنی مسابقت برقرار رکھ سکے۔

آئی بی ٹی کے مطابق مستقبل انہی ممالک کا ہوگا جو تیزی سے فیصلے کرنے، اصلاحات نافذ کرنے اور جدید ٹیکنالوجی کو اپنانے کی صلاحیت رکھتے ہوں گے۔ ایسے ممالک نہ صرف سرمایہ کاری کو اپنی جانب راغب کریں گے بلکہ عالمی معیشت میں بھی نمایاں مقام حاصل کریں گے۔

مضمون میں کہا گیا ہے کہ روایتی حکومتی طریقہ کار اب تیزی سے بدلتی دنیا کی ضروریات پوری نہیں کر سکتا، اس لیے ریاستوں کو بیوروکریسی کے سست نظام سے نکل کر اسٹارٹ اپس کی طرح تیز رفتار، مؤثر اور نتائج پر مبنی حکمرانی کو اپنانا ہوگا تاکہ وہ عالمی سطح پر مسابقت برقرار رکھ سکیں۔

امریکی جریدے نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ڈیجیٹل اثاثے، بلاک چین ٹیکنالوجی اور جدید مالیاتی نظام مستقبل کے عالمی مالیاتی انفرااسٹرکچر کی بنیاد بن رہے ہیں۔ جو ممالک ان شعبوں میں بروقت سرمایہ کاری اور مؤثر قانون سازی کریں گے، وہ آئندہ برسوں میں عالمی معیشت کے اہم کھلاڑی بن کر سامنے آئیں گے۔

آرٹیکل میں اس بات کی نشاندہی کی گئی ہے کہ پاکستان کے پاس نوجوان آبادی، تیزی سے بڑھتا ہوا ڈیجیٹل ایکو سسٹم اور ٹیکنالوجی سے وابستہ افرادی قوت موجود ہے، جس سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ملک نہ صرف اپنی معیشت کو جدید خطوط پر استوار کر سکتا ہے بلکہ عالمی ڈیجیٹل مالیاتی نظام میں بھی نمایاں مقام حاصل کر سکتا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More