Newspulse - نیوز پلس
پاکستان، سیاست، کھیل، بزنس، تفریح، تعلیم، صحت، طرز زندگی ... کے بارے میں تازہ ترین خبریں

فتنہ الخوارج کی دراندازی کی کوشش خاک میں مل گئی، کرم میں پاک فوج کی کارروائی، افغان طالبان پسپا

فتنہ الخوارج کی دراندازی کی کوشش خاک میں مل گئی، کرم میں پاک فوج کی کارروائی، افغان طالبان پسپا

افغان پوسٹوں سے دراندازی کی کوشش کے بعد پاکستانی چوکیوں پر بلااشتعال فائرنگ، سکیورٹی فورسز کا بھرپور جوابی وار، متعدد مارٹر پوزیشنز اور سرحدی پوسٹیں نشانہ بن گئیں

کرم: پاک فوج نے کرم سیکٹر میں فتنہ الخوارج کی دراندازی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے افغان سرحد سے ہونے والی مبینہ فائرنگ کا مؤثر جواب دیا، جس کے نتیجے میں افغان طالبان کی متعدد سرحدی پوسٹیں اور مارٹر پوزیشنز نشانہ بنیں جبکہ متعدد پوسٹیں خالی کرکے فرار ہونے کی اطلاعات ہیں۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق فتنہ الخوارج کے جنگجوؤں نے افغان صوبوں ننگرہار اور پکتیا میں موجود افغان پوسٹوں سے، افغان طالبان کی نگرانی میں، پاکستان میں دراندازی کی کوشش کی، تاہم پاکستانی سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے اس کوشش کو ناکام بنا دیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ دراندازی کی کوشش ناکام ہونے کے بعد افغان طالبان کی جانب سے کرم سیکٹر میں پاکستانی سرحدی چوکیوں پر بلااشتعال فائرنگ کی گئی۔ افغان جانب سے پاکستانی چوکیوں کو بھاری ہتھیاروں، مارٹرز اور دیگر اسلحے سے نشانہ بنایا گیا۔

پاکستانی سکیورٹی فورسز نے فائرنگ کا بھرپور جواب دیتے ہوئے افغان جانب سے فائرنگ کرنے والی متعدد سرحدی پوسٹوں اور مارٹر پوزیشنز کو نشانہ بنایا۔ ذرائع کے مطابق کارروائی میں چھوٹے اور بڑے ہتھیاروں کے ساتھ توپ خانے کا بھی استعمال کیا گیا۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق پاکستانی فورسز کی مؤثر جوابی کارروائی کے نتیجے میں افغان جانب سے فائرنگ کا سلسلہ خاموش ہوگیا اور افغان طالبان کو متعدد سرحدی پوسٹیں خالی کرنا پڑیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی فورسز نے سرحدی علاقوں میں اپنی دفاعی پوزیشنز برقرار رکھتے ہوئے صورتحال پر مکمل نظر رکھی ہوئی ہے۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق سرحدی صورتحال مسلسل مانیٹر کی جا رہی ہے اور پاکستانی سکیورٹی فورسز کسی بھی ممکنہ اشتعال انگیزی یا دراندازی کی کوشش سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر الرٹ ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

Security Question:14 − 1 = ?

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More