اسحاق ڈار کا برطانوی وزیر خارجہ سے ٹیلی فونک رابطہ،خطے کی سکیورٹی اور عالمی تجارت پرگفتگو
اسلام آباد: نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے آج برطانیہ کی وزیر خارجہ ایویٹ کوپر سے ٹیلی فون پر بات چیت کی۔ترجمان دفترخارجہ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے خطے کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا اور امن و استحکام کے فروغ کے لیے جاری اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔
برطانوی وزیر خارجہ نے متعلقہ فریقین کے درمیان پرامن گفت و شنید کی حوصلہ افزائی میں پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہا۔
محمد اسحاق ڈار نے اس بات کو دہرایا کہ پاکستان خطے کے چیلنجز کے حل کے لیے بات چیت اور سفارتکاری کو ترجیح دیتا ہے۔
دونوں رہنماؤں نے خطے کی سکیورٹی اور عالمی تجارت پر موجودہ صورتحال کے ممکنہ اثرات پر بھی تبادلہ خیال کیا اور باہمی تعلقات کو مستحکم رکھنے اور قریبی رابطے جاری رکھنے کی اہمیت پر اتفاق کیا۔
