دشمن طاقتیں براہِ راست جنگ میں ناکامی کے بعد اب ایران کے اندرونی اتحاد کو نقصان پہنچانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ ایرانی سپریم لیڈر
ایرانی عوام نے ماضی میں بھی ثابت کیا ہے کہ وہ ہر قسم کے دباؤ، پابندیوں اور سازشوں کے باوجود اپنے ملک اور نظام کے ساتھ کھڑے ہیں۔ آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای
تہران: ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای نے کہا ہے کہ دشمن طاقتیں براہِ راست جنگ میں ناکامی کے بعد اب ایران کے اندرونی اتحاد کو نقصان پہنچانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ موجودہ حالات میں قومی اتحاد، عوامی یکجہتی اور باہمی اعتماد پہلے سے کہیں زیادہ اہم ہو چکے ہیں۔
روح اللہ خمینی کی 37 ویں برسی کے موقع پر منعقدہ تقریب میں سپریم لیڈر کا خصوصی تحریری پیغام پڑھ کر سنایا گیا۔ اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ ایران کو بیرونی دشمنوں کے ساتھ ساتھ اندرونی سازشوں کا بھی سامنا ہے، جن کا مقصد ایرانی قوم کے حوصلے پست کرنا اور عوام کے درمیان اختلافات پیدا کرنا ہے۔
مجتبیٰ خامنہ ای نے کہا کہ دشمن عناصر یہ سمجھ چکے ہیں کہ وہ میدانِ جنگ میں ایران کو شکست نہیں دے سکتے، اسی لیے اب وہ نفسیاتی جنگ، پروپیگنڈے اور داخلی انتشار کے ذریعے اپنے مقاصد حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ عوام میں مایوسی، خوف، بددلی یا ناامیدی پھیلانے والا ہر عمل دراصل دشمن کے ایجنڈے کو مضبوط کرنے کے مترادف ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایرانی عوام نے ماضی میں بھی ثابت کیا ہے کہ وہ ہر قسم کے دباؤ، پابندیوں اور سازشوں کے باوجود اپنے ملک اور نظام کے ساتھ کھڑے ہیں۔ سپریم لیڈر کے مطابق دشمن کی اصل کوشش ایرانی قوم کی استقامت اور حوصلے کو کمزور کرنا ہے، تاہم اتحاد اور باہمی اعتماد کے ذریعے ان سازشوں کو ناکام بنایا جا سکتا ہے۔
اپنے پیغام کے اختتام پر انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ قومی مفاد کو ترجیح دیں، افواہوں اور منفی پروپیگنڈے سے محتاط رہیں اور ملک کی سلامتی اور استحکام کے لیے یکجہتی کا مظاہرہ کریں۔
